شوبز انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ عینا آصف نے اپنی عمر، شناختی کارڈ اور جعلی اکاؤنٹس سے متعلق حقیقت بیان کردی ہے۔
حال ہی میں ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عینا آصف نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر میرے نام سے بنائے گئے جعلی اکاؤنٹس کی وجہ سے مجھے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ میں انسٹاگرام کے علاوہ کوئی اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم استعمال نہیں کرتی، میں نے ایک بار اپنی انسٹاگرام ویڈیو ٹک ٹاک پر اپ لوڈ کی تو اسے یہ کہہ کر ہٹا دیا گیا کہ یہ کاپی شدہ مواد ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ میرے نام سے بنے ایک جعلی اکاؤنٹ کے لاکھوں فالوورز ہیں اور اسی اکاؤنٹ پر مذکورہ ویڈیو پہلے سے موجود تھی، جس کے باعث میری اصل ویڈیو کو فلیگ کر دیا گیا، آئندہ ایسے جعلی اکاؤنٹس کو رپورٹ کروں گی تاکہ اس مسئلے کا حل نکالا جا سکے۔
ایک سوال کے جواب میں عینا آصف نے مسکراتے ہوئے بتایا کہ میرا شناختی کارڈ ابھی نہیں بنا، تاہم آئندہ نو ماہ میں بن جائے گا۔
عمر سے متعلق تنقید پر انہوں نے کہا کہ شوبز انڈسٹری کی بیشتر اداکاراؤں نے کم عمری میں ہی اپنے کیریئر کا آغاز کیا، فرق صرف اتنا ہے کہ میں نے نسبتاً کم عمر میں اداکاری شروع کردی۔















