Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

طلاق سے متعلق بیان پر سارہ عمیر کا یوٹرن

انٹرویو کے دوران سارہ عمیر نے متعدد بار محسن طلعت کا ذکر کیا، تاہم انہیں ’’سابق شوہر‘‘ کہنے سے گریز کیا

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سارہ عمیر  نے اپنی طلاق سے متعلق دیے گئے سابق بیان پر مؤقف تبدیل کر لیا ہے اور حالیہ گفتگو میں اپنے شوہر ہدایت کار محسن طلعت کے حق میں کھل کر بات کی ہے۔

اداکارہ نے حال ہی میں ایک نجی شو میں بطور مہمان مدعو کیاگیا جہاں انہوں نے اپنے کیریئر اور ذاتی زندگی کے حوالے کھل کر بات کی۔

انٹرویو کے دوران سارہ عمیر نے متعدد بار محسن طلعت کا ذکر کیا، تاہم انہیں ’’سابق شوہر‘‘ کہنے سے گریز کیا۔

یاد رہے کہ سارہ عمیر 2014ء تک شوبز انڈسٹری میں کافی متحرک تھی، تاہم محسن طلعت سے شادی کے بعد انہوں نے میڈیا سے کنارہ کشی اختیار کر لی تھی۔ اس جوڑے کے دو بیٹے ہیں۔

گفتگو کے دوران سارہ عمیر نے اعتراف کیا کہ انہیں اپنے شوہر کے پیشہ ورانہ مشوروں کو نظر انداز کرنے پر افسوس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان مشوروں پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے انہیں اپنے کیریئر میں نقصان اٹھانا پڑا، اور اب وہ ہر نئے کردار سے قبل اپنے شوہر سے مشورہ ضرور کرتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اداکارہ سارہ عمیر نے شوہر محسن طلعت سے راہیں جدا کرلیں

اداکارہ نے کہا کہ انڈسٹری میں ان کا کوئی قریبی دوست نہیں سوائے محسن کے۔ ان کے بقول ’’میرا حقیقی دوست میرا شوہر اور میرے بچوں کا باپ ہی ہے۔‘‘

ایک اور موقع پر انہوں نے اعتراف کیا کہ انہیں اپنے رشتوں کے کھو جانے کا خوف رہتا ہے، چاہے وہ والدین ہوں، بچے ہوں یا شوہر۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے پیاروں کو کھونے سے ڈر لگتا ہے۔

سارہ عمیر نے مرد اور عورت کے کردار سے متعلق بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرد خواتین کی زندگی کا سب سے بڑا اثاثہ ہوتے ہیں۔ ان کے مطابق مرد عورتوں کے نگہبان اور کفیل ہوتے ہیں اور رتبے میں بلند مقام رکھتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مردوں کو ایک خاص حد تک اختیار حاصل ہونا چاہیے اور ’’بادشاہ‘‘ کا کردار مردوں کو ہی زیب دیتا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ایک پروگرام میں سارہ عمیر نے اپنی طلاق کے بارے میں تفصیل سے بات کی تھی اور انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے ریئلٹی شو تماشہ میں شرکت اپنی طلاق کے صدمے سے نکلنے کے لیے کی تھی۔

تاہم حالیہ انٹرویو کے بعد ان کے بیانات کو سوشل میڈیا پر مختلف آرا کے ساتھ دیکھا جا رہا ہے، جہاں بعض صارفین اسے مؤقف میں تبدیلی قرار دے رہے ہیں۔