Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مائیکل جیکسن کی جائیداد ایک بار پھر قانونی تنازع میں گھر گئی

جیکسن اسٹیٹ کے وکیل مارٹی سنگر نے تمام الزامات سختی سے مسترد کردیے

پاپ میوزک کے لیجنڈ مائیکل جیکسن کی جائیداد ایک مرتبہ پھر قانونی تنازع میں گھر گئی ہے، چند افراد نے بچوں کی اسمگلنگ اور جنسی استحصال سے متعلق سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے عدالت سے رجوع کر لیا ہے اور بھاری ہرجانے کا مطالبہ کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کیشچو خاندان سے تعلق رکھنے والے بہن بھائی ایڈورڈ، ڈومینک، میری نکول اور ایلڈو نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ کم عمری میں انہیں مبینہ طور پر گلوکار کے اثر و رسوخ کے تحت ذہنی طور پر قابو میں رکھا گیا اور ان کا استحصال کیا گیا۔

 درخواست میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ مبینہ واقعات مختلف ممالک میں کئی برسوں تک پیش آتے رہے اور بعض متاثرین اس وقت صرف سات یا آٹھ سال کے تھے۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق متاثرین کی ملاقات مبینہ طور پر اپنے والد کے ذریعے ہوئی، جو ایک ایسے ہوٹل میں ملازم تھے جہاں گلوکار اکثر قیام کرتے تھے۔

مزید الزام لگایا گیا ہے کہ کچھ واقعات اس وقت بھی پیش آئے جب گلوکار اپنے بچوں کے ہمراہ مبینہ متاثرین کے گھر آئے۔

دوسری جانب جیکسن اسٹیٹ کے وکیل مارٹی سنگر نے تمام الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور مالی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔

 ان کا کہنا ہے کہ کیشچو خاندان دو دہائیوں سے زائد عرصے تک جیکسن کی بے گناہی کی حمایت کرتا رہا اور اب اچانک الزامات سامنے لانا محض خطیر رقم کے حصول کی حکمت عملی ہے۔

وکیل کے مطابق جیکسن کی جائیداد کی مالی کامیابی میں اضافے کے بعد بھی مدعیان کی جانب سے بھاری معاوضے کا مطالبہ کیا گیا تھا اور مبینہ طور پر رقم نہ ملنے کی صورت میں الزامات منظرعام پر لانے کی دھمکی دی گئی تھی۔

تاہم، مقدمے میں 20 کروڑ ڈالر سے زائد ہرجانے اور تعزیری جرمانے کا مطالبہ کیا گیا ہے جبکہ کیس کی آئندہ سماعت 5 مارچ 2026 کو متوقع ہے۔

متعلقہ خبریں