پاکستان کے معروف چائلڈ وی لاگرز شیراز اور مسکان کی جانب سے کراچی سے واپسی پر اپنے گاؤں کے بچوں میں عیدی تقسیم کرنے کی تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی ہیں۔
شیراز اور مسکان حالیہ دنوں میں نجی ٹی وی کی رمضان ٹرانسمیشن میں شرکت کے لیے کراچی میں موجود تھے، تاہم عیدالفطر منانے کے لیے وہ واپس اپنے آبائی گاؤں پہنچ گئے۔
دونوں بہن بھائی ہمیشہ اپنی خوشیاں دوسروں کے ساتھ بانٹنے پر یقین رکھتے ہیں اور مختلف فلاحی سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔
اس بار بھی دونوں بہن بھائی کراچی سے گاؤں کے بچوں کے لیے عیدی لے کر گئے، جس سے ننھے چہروں پر خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
سوشل میڈیا صارفین ان کی سادگی اور عاجزی کو خوب سراہا رہے ہیں۔ ایک صارف نے لکھا کہ انہوں نے گاؤں کے بچوں کے لیے عیدی لا کر دل جیت لیے جبکہ ایک اور صارف نے کہا کہ وہ شہرت کے باوجود اپنی جڑوں سے جڑے ہوئے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین نے اس عمل کو خوبصورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ دوسروں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیرنا واقعی قابلِ تعریف ہے۔


















