آج ہم آپکو بتائیں گے کہ سبزیاں اور پھل کھانے والے افراد میں کس بیماری کے امکانات کم ہوجاتے ہیں۔
ایک حالیہ تحقیق کے مطابق گوشت کے بجائے زیادہ تر سبزیاں اور پھل کھانے والے افراد میں امراضِ قلب ہونے کے امکانات کم ہوتے ہیں۔
جی ہاں، تحقیق میں بتایا گیا کہ گوشت کو نظر انداز کرنا بھی صحت کے لیے مسائل پیدا کر سکتا ہے لیکن زیادہ گوشت کھانا سنگین پیچیدگیوں کا سبب بن سکتا ہے۔
ماہرین نے یہ تحقیق 25 سے 45 سال کی عمر کے 94 افراد پر کی، انہوں نے تمام افراد کو تین مختلف گروپس میں تقسیم کیا اور انہیں ایک سال تک مختلف غذائیں کھانے کی ہدایات کی گئیں۔
تحقیق میں معلوم ہوا کہ پھل اور سبزیاں زیادہ استعمال کرنے والے افراد میں کولیسٹرول کی سطح بہتر تھی، ان کا بلڈ شوگر بھی اچھا تھا۔
اسی طرح سبزیوں کے ساتھ یومیہ 50 گرام کی مقدار کا گوشت استعمال کرنے والے افراد میں بھی کولیسٹرول سمیت بلڈ پریشر اور بلڈ شوگر کی سطح بہتر تھی۔
تاہم زیادہ گوشت استعمال کرنے والے افراد میں کولیسٹرول کی سطح بھی زیادہ پائی گئی جبکہ ان میں بلڈ پریشر اور بلڈ شوگر کی سطح بھی زیادہ ملی جو کہ امراضِ قلب بڑھانے کا سبب بنتے ہیں۔
ماہرین نے کہا کہ زیادہ تر پھل، سبزیاں اور انتہائی کم مقدار میں گوشت کا استعمال کیا جانا چاہیے۔
ماہرین کا کہنا تھا کہ گوشت کا زیادہ استعمال یعنی یومیہ 50 گرام سے زیادہ گوشت کا استعمال کولیسٹرول بڑھانے سمیت بلڈ پریشر کو بھی بڑھا سکتا ہے اور اس سے وزن میں بھی اضافہ ہوسکتا ہے جو کہ امراضِ قلب کے اسباب ہوتے ہیں۔




















