Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پنیر کھانے کا ایک اور فائدہ سامنے آگیا

ہائی فیٹ چیز جیسے چیڈراور وہپ کریم دماغی بیماری کے خطرے کو کم کر سکتی ہیں

پنیر اور کریم سے تیار غذائیں نہ صرف ذائقہ دار ہوتی ہیں بلکہ  ذہنی صحت کے لیے بھی انتہائی مفید ہیں، یہ بات حال میں کی جانے والی تحقیق میں سامنے آئی ہے۔

نیورولوجی جرنل میں شائع ہونے والی اس نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی  ہے کہ ہائی فیٹ چیز جیسے چیڈراور وہپ کریم دماغی بیماری کے خطرے کو کم کر سکتی ہیں۔

اس تحقیق میں سویڈن کے 27,700 افراد جن کی اوسط عمر 58 سال تھی کا تقریباً 25 سال تک جائزہ لیا گیا۔ تحقیق میں شامل تمام افراد نے ایک ہفتے تک اپنے کھانے کی عادات کا ریکارڈ فراہم کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ’’ملبین کاسے‘‘ زندہ کیڑوں میں لپٹا دنیا کا نایاب ترین پنیر

اس دوران 3200 سے زائد افراد دماغی بیماریوں میں مبتلا ہوئے۔

نتائج میں یہ بات سامنے آئی کہ جو لوگ روزانہ 50 گرام یا اس سے زائد مقدار میں ہائی فیٹ چیز اپنی غذا میں رکھتے تھے ان میں دماغی امراض کا خطرہ 13 فیصد کم تھا۔ اسی طرح ڈیمنشیا کا خطرہ 29 فیصد، جبکہ الزائمر کی بیماری کا خطرہ بھی 13 فیصد کم تھا۔

واضح رہے کہ یہ فرق صرف ان افراد میں تھا جو الزائمر کے جینیاتی عوامل سے محفوظ تھے۔

نتائج کے مطابق ایسے افراد جو روزانہ 20 گرام یا اس سے زیادہ ہائی فیٹ کریم کھاتے تھے، ان میں بھی دماغی بیماری کا خطرہ 16 فیصد کم تھا۔

حیرت انگیز طور پر کم چکانئی والی چیز اور کریم جیسے دہی اور مکھن کھانے والوں میں  دماغی امراض کے خطرے میں کسی قسسم کی کوئی کمی نوٹ نہیں کی گئی۔

اس تحقیق میں صرف ابتدائی سطح پر غذائی عادات کا جائزہ لیا گیا تھا، تاہم ان نتائج کی مزید تصدیق کے لیے بڑے پیمانے پرایک طویل مدتی تحقیق کی ضرورت ہے۔