Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

موسم سرما میں گڑ اور باجرے کی روٹی کھانے کے فوائد بھی جان لیں

گڑ اور باجرے کی روٹی ایک طاقتور  غذا ہے جو تھکن دور کر کے فوری توانائی فراہم کرتی ہے

موسم سرما اپنے ساتھ کئی سوغاتیں لے کر آتا ہے ان ہی میں باجرے کی روٹی اور گڑ بھی شامل ہے۔

باجرہ دنیا کے سب سے قدیم اناج میں سے ایک ہے، تاریخ سے پتا چلتا ہے کہ جب دنیا میں کھیتی باڑی کا آغاز ہوا اور جن فصلوں کو ابتدا میں کاشت کیا گیا ان میں باجرہ بھی شامل تھا یہی وجہ ہے کہ اسے دنیا کا چھٹا اہم ترین اناج تصور کیا جاتا ہے۔

 اس میں پروٹین، چکنائی، کاربوہائیڈریٹ، فائبر،سوڈیم، فلوٹ، آئرن، میگنیشییم، فاسفورس، زنک اور وٹامن بی چھ جیسے صحت بخش اجزاء وافرمقدار میں پائے جاتے ہیں جبکہ اس کا مزاج گرم ہے۔

 باجرے کو مختلف کھانوں میں دالوں کی طرح استعمال کیا جاتا ہے جبکہ اسے پیس کر آٹا تیار کیا جاتا ہے اس آٹے سے روٹی ،کیک اور کئی طرح کے پکوان بنائے جاتے ہیں اس کا مزاج گرم ہوتا ہے اس لئے اسے سردی میں کھانا زیادہ فائدہ مند ہے یہی وجہ ہے سردی میں اس کی روٹی بناکر گڑ کے ساتھ کھائی جاتی ہے۔

گڑ ایک قدرتی میٹھا ہے جو گنے کے رس سے تیار کیا جاتا ہے انتہائی صحت بخش ہے، گُڑ میں کیروٹین ، نکوٹین ، تیزاب، وٹامن اے، وٹامن بی ون، وٹامن بی ٹو ، وٹامن سی کے ساتھ ساتھ آئرن اور فاسفورس بھی پایا جاتا ہے اور اس کا مزاج بھی گرم ہے۔

سردیوں کی یخ بستہ ہواؤں میں گڑ کے ساتھ گرما گم باجرے کی روٹی کھانے کا اپنا ہی مزہ ہے تاہم موسم سرما کا یہ بہترین کھانا آپ کی صحت کو کئی طرح سے بہتر بناتا ہے۔

توانائی کی بہترین فراہمی

گڑ اور باجرے کی روٹی ایک طاقتور  غذا ہے جو تھکن دور کر کے فوری توانائی فراہم کرتی ہے۔

پٹھوں کی مضبوطی

دونوں اجزاء پروٹین اور معدنیات سے بھرپور ہیں، جو پٹھوں کی مضبوطی کے ساتھ مجموعی صحت کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔

 فائبر کی زائد مقدار

باجرہ اور گڑ دونوں میں فائبر کی مقدار زیادہ ہوتی ہے، اس طرح یہ روٹیہاضمے کو بہتر بناتی اور آنتوں کی صفائی میں مدد کرتی ہے۔

خون کی کمی سے نجات

گڑ اور باجرے آئرن سے بھر پور ہونے کی بناپر ایسی خواتین کے لیے بے حد مؤثر ہے جو خون کی کمی کے عارضے میں مبتلا ہیں۔

پروٹین حاصل کرنے مؤثر طریقہ

ایسے افراد جو گوشت نہیں کھاتے ان کے لئے باجرہ پروٹین حاصل کرنے بہترین ذریعہ ہے، کیونکہ اس میں پروٹین کی کثیرمقدار پائی جاتی ہے۔

وزن میں کمی

 باجرے کی روٹی میں فائبر کی مقدار زیادہ ہو نے اور دیر سے ہضم ہوتی ہے یہی وجہ ہے اس طرح دیر تک پیٹ بھرا رہنے کا احساس رہتا ہے، اور انسان بے وقت کی بھوک سے بچا رہتا ہے جس سے وزن کم ہونے میں مدد ملتی ہے۔