Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

دل کی بیماری کا اصل اشارہ کولیسٹرول نہیں، ایک اور پروٹین زیادہ اہم ثابت

1950 کی دہائی سے ڈاکٹروں نے خوراک، کولیسٹرول اور دل کی بیماری کے درمیان تعلق کو بنیاد بناکر مریضوں کے خطرات کا اندازہ لگایا ہے۔

دل کی بیماری امریکا میں اموات کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ 1950 کی دہائی سے ڈاکٹروں نے خوراک، کولیسٹرول اور دل کی بیماری کے درمیان تعلق کو بنیاد بناکر مریضوں کے خطرات کا اندازہ لگایا تاہم گزشتہ دو دہائیوں میں ہونے والی تحقیق نے واضح کیا ہے کہ سی ری ایکٹو پروٹین یا سی آر پی دل کی بیماری کے خطرے کا زیادہ درست اندازہ دیتا ہے۔

اسی بنیاد پر ستمبر 2025 میں امریکن کالج آف کارڈیالوجی نے سفارش کی کہ تمام مریضوں میں کولیسٹرول کے ساتھ ساتھ سی آر پی لیول کی جانچ بھی معمول بنایا جائے۔

سی ری ایکٹو پروٹین کیا ہے؟

سی ری ایکٹو پروٹین جگر کی جانب سے اس وقت بنتا ہے جب جسم میں سوزش، انفیکشن، آٹو امیون بیماری، موٹاپا یا ذیابیطس جیسی کیفیات موجود ہوں۔ یہ دراصل جسم میں سوزش کی علامت ہے۔

خون کے ٹیسٹ کے ذریعے اس کی آسانی سے پیمائش ہوسکتی ہے، 1 ملی گرام فی ڈیسی لیٹر سے کم سطح دل کے لیے محفوظ سمجھی جاتی ہے جب کہ 3 ملی گرام سے زیادہ سطح دل کی بیماری کے خطرے میں اضافے کی نشاندہی کرتی ہے۔

تحقیق کے مطابق تقریباً 52 فیصد امریکیوں میں سی آر پی کی سطح خطرناک حد تک زیادہ ہے۔ ماہرین کے مطابق سی آر پی دل کے دورے اور فالج کی پیش گوئی کولیسٹرول سے بہتر طور پر کرتا ہے، حتیٰ کہ بلڈ پریشر جتنا مؤثر اشارہ بھی ثابت ہوسکتا ہے۔

سوزش دل کی بیماری میں کیوں خطرناک ہے؟

دل کی شریانوں میں چکنائی جمنے (ایتھروسکلروسیس) کے ہر مرحلے میں سوزش اہم کردار ادا کرتی ہے۔ جب شریان کو نقصان پہنچتا ہے تو مدافعتی خلیے وہاں پہنچ کر کولیسٹرول کو جذب کرتے ہیں جس سے چکنائی کی تہہ بنتی ہے۔

وقت گزرنے کے ساتھ یہی تہہ پھٹ کر خون کے لوتھڑے بناتی ہے جو دل کے دورے یا فالج کا سبب بنتے ہیں۔

کیا خوراک سی آر پی کو کم کرسکتی ہے؟

جی ہاں فائبر سے بھرپور غذا جیسے دالیں، سبزیاں، بیج، گری دار میوے، بیریز، زیتون کا تیل اور سبز چائے سی آر پی کم کرنے میں مدد دیتی ہیں۔ وزن کم کرنا اور ورزش بھی سوزش کو گھٹاتی ہے۔

کیا کولیسٹرول اب غیر اہم ہے؟

کولیسٹرول اب بھی اہم ہے مگر اصل خطرہ کولیسٹرول کی مقدار سے زیادہ اس کے ذرات کی تعداد سے ہوتا ہے۔ اسی لیے اپولی پو پروٹین بی ٹیسٹ زیادہ مؤثر سمجھا جاتا ہے۔

دل کی بیماری سے بچاؤ کیسے ممکن ہے؟

دل کی بیماری کئی عوامل کا مجموعہ ہے۔ متوازن غذا، باقاعدہ ورزش، مناسب نیند، ذہنی دباؤ میں کمی، وزن کنٹرول اور تمباکو نوشی سے پرہیز دل کو صحت مند رکھنے کے بنیادی اصول ہیں۔