Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

برازیل کے معمر ترین افراد: نئی سائنسی تحقیق نے طویل عمر کے راز سے پردہ اٹھادیا

موت سے کوئی ہمیشہ کے لیے نہیں بچ سکتا تاہم کچھ لوگ غیر معمولی طور پر طویل زندگی پاتے ہیں۔

برازیل کے معمر ترین افراد پر ہونے والی ایک تازہ سائنسی تحقیق نے طویل عمر کے رازوں سے پردہ اٹھادیا۔

اگرچہ موت سے کوئی ہمیشہ کے لیے نہیں بچ سکتا تاہم کچھ لوگ غیر معمولی طور پر طویل زندگی پاتے ہیں۔ عام انسان کی اوسط عمر سات دہائیوں کے قریب ہوتی ہے مگر کچھ افراد سو سال یا اس سے زیادہ عمر تک پہنچ جاتے ہیں جنہیں صد سالہ افراد کہا جاتا ہے۔

ان میں سے بھی چند لوگ ایک سو دس برس کی عمر عبور کرلیتے ہیں جو نہایت نایاب سمجھے جاتے ہیں۔ سائنس دان عرصہ دراز سے ایسے افراد پر تحقیق کررہے ہیں تاکہ یہ سمجھا جاسکے کہ لمبی عمر کن عوامل کی مرہونِ منت ہے۔

اب تک کی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ جینیاتی ساخت، طرزِ زندگی، ماحول اور خوراک سب اس میں کردار ادا کرتے ہیں مگر حتمی جواب اب بھی واضح نہیں ہوسکا۔

برازیل میں جاری ایک طویل المدتی تحقیق کے مطابق مسئلے کی ایک بڑی وجہ محدود اور یکساں آبادیوں پر کی جانے والی تحقیق ہے۔

برازیل ایک ایسا ملک ہے جہاں مختلف نسلوں، قوموں اور خطوں کے لوگوں کا امتزاج پایا جاتا ہے جو اسے دنیا کے سب سے زیادہ متنوع ممالک میں شامل کرتا ہے۔ یہی تنوع طویل عمر کے راز جاننے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

اس تحقیق میں ملک کے مختلف علاقوں سے 160 سے زائد صد سالہ افراد کو شامل کیا گیا جن میں 20 ایسے افراد بھی تھے جن کی عمر ایک سو دس سال سے زیادہ تھی۔

حیرت انگیز طور پر ان میں سے کئی افراد نہ صرف ذہنی طور پر ہوش مند تھے بلکہ روزمرہ کے بنیادی کام خود انجام دے رہے تھے۔

تحقیق میں ایسے خاندان بھی سامنے آئے جہاں ایک ہی گھرانے میں کئی افراد نے غیر معمولی عمر پائی جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ طویل عمر خاندانوں میں منتقل ہوسکتی ہے۔

تاہم ماہرین کے مطابق صرف جینز ہی نہیں بلکہ مضبوط مدافعتی نظام، سادہ طرزِ زندگی اور قدرتی ماحول بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ اگر دنیا بھر میں طویل عمر کو بہتر طور پر سمجھنا ہے تو تحقیق کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے برازیل جیسے متنوع معاشروں کو بھی شامل کرنا ناگزیر ہے تاکہ یہ علم پوری انسانیت کے لیے فائدہ مند ثابت ہوسکے۔