Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بلڈ پریشر کنٹرول کرنے کے لیے ہفتے میں کتنی ورزش ضروری ہے؟

مطالعے میں 5,100 سے زائد افراد کی تین دہائیوں تک صحت اور ورزش کی عادات کا جائزہ لیا گیا ہے۔

تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ ہائی بلڈ پریشر سے بچاؤ کے لیے نوجوانی اور جوانی میں جسمانی سرگرمی برقرار رکھنا بہت اہم ہے۔ مطالعے میں 5,100 سے زائد افراد کی تین دہائیوں تک صحت اور ورزش کی عادات کا جائزہ لیا گیا۔

ہائی بلڈ پریشر دنیا بھر میں اربوں افراد کو متاثر کرتا ہے اور دل کے دورے، فالج اور ڈیمینشیا کے خطرے کو بڑھاسکتا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق ہر چار مردوں میں سے ایک اور ہر پانچ خواتین میں سے ایک کو یہ بیماری لاحق ہے مگر اکثر لوگ اسے بروقت نہیں پہچان پاتے۔

محققین نے بتایا کہ نوجوانی میں جسمانی سرگرمی زیادہ رکھنے سے مڈل ایج میں ہائی بلڈ پریشر کے خطرے کو کم کیا جاسکتا ہے۔

مطالعے میں یہ بھی سامنے آیا کہ 18 سے 40 سال کی عمر میں زیادہ تر افراد کی ورزش میں کمی آتی ہے جس کے نتیجے میں ہائی بلڈ پریشر کے کیسز بڑھ جاتے ہیں۔

خصوصاً جو افراد نوجوانی میں ہفتے میں کم از کم پانچ گھنٹے درمیانی سطح کی ورزش کرتے ہیں ان میں ہائی بلڈ پریشر کا خطرہ نمایاں طور پر کم ہوتا ہے لیکن اس عادت کو 60 سال تک برقرار رکھنا ہوگا۔

تحقیق میں یہ بھی دیکھا گیا کہ سیاہ فام مرد اور خواتین سفید فام افراد کے مقابلے میں زیادہ خطرے میں ہیں۔

60 سال کی عمر تک تقریباً 80 سے 90 فیصد سیاہ فام افراد ہائی بلڈ پریشر کے شکار ہیں جب کہ سفید فام مرد اور خواتین میں یہ شرح کم ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ فرق سماجی اور اقتصادی حالات، رہائشی ماحول اور کام یا خاندانی ذمہ داریوں سے پیدا ہوتا ہے۔

نتیجہ یہ نکلا کہ جوانی میں ورزش پر توجہ دینا اور اسے مستقل عادت بنانا ہائی بلڈ پریشر سے بچاؤ کے لیے کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔