ڈیمینشیا ایک دماغی عارضہ ہے جو دماغی خلیات کو نقصان پہنچانے والے امراض جیسے الزائمر (ایمیلوئڈ/ٹاؤ پروٹین کی جمع) یا خون کی روانی میں کمی کی وجہ سے ہوتا ہے۔
اس کی ابتدائی علامات میں یادداشت کا کمزور ہونا، الجھن اور روزمرہ کے کاموں میں مشکلات شامل ہیں۔ تاہم، اس کے خطرے کو کم کرنے کے لیے چند آسان عادات اپنا کر دماغی صحت کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔
ورزش :
باقاعدہ ورزش دل کی بیماری، موٹاپا اور ذیابیطس جیسی بیماریوں کے خطرات کو کم کر کے ڈیمینشیا کے امکانات کو تقریباً 35 فیصد کم کر دیتی ہے۔
سر کی حفاظت :
گرنے یا سر پر چوٹ لگنے سے دماغ کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور ڈیمینشیا کے خطرات دو سے تین گنا بڑھ جاتے ہیں۔
ماحول کا انتخاب:
آلودہ ہوا میں سانس لینے سے ڈیمینشیا کے امکانات 10 فیصد بڑھ سکتے ہیں۔ زیادہ ٹریفک یا صنعتی دھوئیں والے راستوں سے گریز کریں۔
مزید پڑھیں: یہ غذائیں کھائیں، ڈیمنشیا سے تحفظ پائیں
سماجی رابطے:
دوستوں اور خاندان کے ساتھ تعلقات برقرار رکھنا دماغی صحت کے لیے ضروری ہے۔ تنہائی کے شکار افراد میں ڈیمینشیا کے امکانات 60 فیصد زیادہ ہوتے ہیں۔
سگریٹ نوشی ترک:
تمباکو نوشی دماغی خلیات کو نقصان پہنچاتی ہے اور ڈیمینشیا کے امکانات 30 فیصد بڑھا دیتی ہے۔ دو سال کے اندر سگریٹ چھوڑنے سے خطرہ تقریباً صفر ہو جاتا ہے۔
دماغ کی ورزش:
نئی مہارتیں سیکھنا دماغی خلیات کو مضبوط کرتا ہے اور سیکھنے سے نئے نیورل کنکشن بنتے ہیں۔ روزمرہ کے ذہنی کاموں میں AI پر مکمل انحصار کرنے سے گریز کریں۔
شراب نوشی کم کریں:
زیادہ شراب پینے سے دماغی خلیات کو نقصان پہنچتا ہے، جس سے خون کی نالیاں متاثر ہوتی ہیں، اور ڈیمینشیا کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔ ہفتے میں 14 یونٹس سے زیادہ شراب نوشی سے گریز کریں۔
یہ آسان عادات اپنا کر آپ اپنے دماغ کو مضبوط اور ڈیمینشیا کے خطرے سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔

















