2026 کی پہلی قومی انسدادِ پولیو مہم چوتھے روز بھی ملک بھر میں جاری ہے۔ نیشنل ای او سی کے مطابق 4 لاکھ سے زائد پولیو ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلا رہے ہیں۔
یہ پولیو مہم پاکستان اور افغانستان میں بیک وقت منعقد کی جا رہی ہے، ابتدائی تین روز میں ملک بھر میں 3 کروڑ 89 لاکھ سے زائد بچوں کی ویکسینیشن مکمل کرلی گئی ہے۔
نیشنل ای او سی نے بتایا کہ پنجاب میں 2 کروڑ 10 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں، جبکہ سندھ میں 86 لاکھ 14 ہزار سے زائد، خیبر پختونخوا میں 62 لاکھ 21 ہزار سے زائد اور بلوچستان میں تقریباً 18 لاکھ 1 ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔
اسی طرح اسلام آباد میں 4 لاکھ 21 ہزار سے زائد، گلگت بلتستان میں 2 لاکھ 46 ہزار سے زائد، آزاد جموں و کشمیر میں 6 لاکھ 47 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔
نیشنل ای او سی کے مطابق پولیو ایک لاعلاج بیماری ہے جو بچوں کو زندگی بھر کے لیے معذور کر سکتی ہے، پولیو ورکرز کے لیے دروازے کھولیں اور اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلَوائیں۔



















