Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آنکھیں سرخ؟ جانیں حیرت انگیز وجوہات اور احتیاطی تدابیر

آج کل آنکھوں کا سرخ ہونا ایک عام مسئلہ بن چکا ہے

آنکھیں انسانی جسم کا حساس اور انتہائی نازک حصہ ہیں اور اکثر اوقات یہ سرخ یا سُرخ مائل ہوجاتی ہیں، اس کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں، جن میں طرزِ زندگی، ماحولیات اور بعض بیماریوں کا کردار شامل ہے۔

ماہرین امراض چشم کے مطابق آج کل آنکھوں کا سرخ ہونا ایک عام مسئلہ بن چکا ہے اور تقریباً ہر دسواں فرد اس سے متاثر ہوتا ہے، اس کی سب سے بڑی وجہ ڈیجیٹل میڈیا اور اسکرین ٹائم میں اضافہ ہے۔ کمپیوٹر، موبائل فون یا ٹی وی پر طویل وقت تک نظریں جمائے رکھنے سے آنکھوں پر دباؤ پڑتا ہے اور مختلف امراض کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

آنکھیں سرخ ہونے کی عام وجوہات میں شامل ہیں:

گرد و غبار یا دھواں آنکھ میں جانے سے عارضی سرخی

انفیکشن یا بیکٹریل انفیکشن، جیسے بلیفرائٹس

الرجی جو آنکھوں کی جلن اور لالی کا سبب بنتی ہے

غلط یا ایکسپائر بیوٹی پروڈکٹس کا استعمال

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آنکھیں سرخ ہونے کے ساتھ جلن، خارش یا زرد رنگ کا پانی خارج کرنے لگیں تو یہ بینائی سے متعلق کسی سنگین مسئلے کی علامت ہو سکتی ہے۔ ایسے میں فوری طور پر ماہر ڈاکٹر سے رجوع کرنا ضروری ہے۔

بلیفرائٹس ایک عام آنکھوں کی بیماری ہے جو بیکٹیریا یا غیرمعیاری بیوٹی پروڈکٹس کے استعمال سے بھی پیدا ہو سکتی ہے اور اس کے لیے اکثر معالج کی تجویز کردہ آئی ڈراپس استعمال کیے جاتے ہیں۔

آنکھوں کی صحت برقرار رکھنے کے لیے ماہرین اسکرین ٹائم محدود کرنے، آنکھوں کو وقفے دینا، صفائی اور مناسب آئی ڈراپس کے استعمال کی تلقین کرتے ہیں۔