Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اوٹس کا 48 گھنٹے کا استعمال کولیسٹرول کم کرنے میں معجزہ ثابت

رضاکاروں پر کی گئی اس تحقیق میں انہیں دو دن تک صرف اوٹس پر مبنی خوراک دی گئی۔

ایک نئی طبی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ صرف 48 گھنٹے تک اوٹس کھانے سے نقصان دہ کولیسٹرول میں 10 فیصد تک کمی لائی جاسکتی ہے۔

جرمنی کی یونیورسٹی آف بون میں ہونے والی اس تحقیق کے مطابق اوٹس کا اثر چھ ہفتوں تک برقرار رہتا ہے۔ سترہ رضاکاروں پر کی گئی اس تحقیق میں انہیں دو دن تک صرف اوٹس پر مبنی خوراک دی گئی۔

دن میں تین بار 100 گرام جئی کو پانی میں ابال کر کھلایا گیا جس میں صرف منتخب پھل اور سبزیاں شامل کرنے کی اجازت تھی جب کہ نمک، چینی اور میٹھے پر مکمل پابندی تھی اور نتائج حیران کن نکلے۔

اوٹس کھانے والوں کے کل کولیسٹرول میں 8 فیصد جب کہ نقصان دہ ایل ڈی ایل کولیسٹرول میں 10 فیصد کمی دیکھی گئی۔ کنٹرول گروپ کے مقابلے میں یہ کمی نمایاں تھی۔ وزن میں کمی اور بلڈ پریشر میں معمولی بہتری بھی دیکھی گئی۔

اوٹس کیسے کام کرتا ہے؟

محققین نے دریافت کیا کہ اوٹس آنتوں میں موجود بیکٹیریا کو تبدیل کرتا ہے۔ یہ بیکٹیریا اوٹس کو توڑ کر فیرولک ایسڈ جیسے مرکبات پیدا کرتے ہیں جو کولیسٹرول کو کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ پچھلے جانوروں پر ہونے والے مطالعات میں بھی فیرولک ایسڈ کے مثبت اثرات دیکھے جاچکے ہیں۔

کس کے لیے مفید؟

یہ تحقیق ان رضاکاروں پر کی گئی جنہیں میٹابولک سنڈروم تھا یعنی وہ لوگ جو زیادہ وزن، ہائی بلڈ پریشر اور بلڈ شوگر جیسے مسائل کا شکار ہیں تاہم محققین کا کہنا ہے کہ عام لوگوں کے لیے بھی یہ نتائج اہم ہیں۔

دوسرے مرحلے میں رضاکاروں کو چھ ہفتے روزانہ 80 گرام اوٹس کھلایا گیا لیکن اس میں وہ کمی نہیں دیکھی گئی جو 48 گھنٹے والے گروپ میں دیکھی گئی تھی۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ مختصر مدت کا زیادہ مقدار میں استعمال زیادہ مؤثر ہے۔

ماہرین کیا کہتے ہیں

پروفیسر میری کرسٹائن سائمن کا کہنا ہے کہ ایل ڈی ایل کولیسٹرول میں 10 فیصد کمی بہت اہم ہے۔ مختصر مدت میں اوٹس کا استعار کولیسٹرول کو معمول کی سطح پر رکھنے اور ذیابیطس سے بچاؤ میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

لیڈ محقق لنڈا کلمپن نے بتایا کہ اوٹس کھانے سے آنتوں میں بعض بیکٹیریا کی تعداد بڑھ جاتی ہے جو کولیسٹرول پر مثبت اثر ڈالتے ہیں۔

محققین کا کہنا ہے کہ نتائج کی تصدیق کے لیے مزید بڑے پیمانے پر مطالعات کی ضرورت ہے۔ ان کا مشورہ ہے کہ ہر چھ ہفتے بعد دو دن اوٹس کا استعمال کولیسٹرول کو کنٹرول میں رکھنے کا مؤثر طریقہ ہوسکتا ہے۔

متعلقہ خبریں