Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کتوں کے آنتوں کے بیکٹیریا کینسر کی بقا کا راز بتاسکتے ہیں؟

امریکا میں ہر سال تقریباً 60 لاکھ کتے کینسر کا شکار ہوتے ہیں اور یہ بیماری ان کی موت کی سب سے بڑی وجہ ہے۔

نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ کتوں کے آنتوں میں موجود بیکٹیریا اس بات کا تعین کرسکتے ہیں کہ کینسر کے علاج کے بعد وہ کتنا عرصہ زندہ رہ سکتے ہیں۔ یہ دریافت نہ صرف کتوں بلکہ انسانوں کے کینسر کے علاج کے لیے بھی اہم ثابت ہو سکتی ہے۔

امریکا میں ہر سال تقریباً 60 لاکھ کتے کینسر کا شکار ہوتے ہیں اور یہ بیماری ان کی موت کی سب سے بڑی وجہ ہے تاہم سائنسدان اس مسئلے کا حل تلاش کرنے میں مصروف ہیں۔

امریکا کے برج اینیمل ریفرل سینٹر میں 51 کینسر زدہ کتوں پر کی گئی تحقیق میں انہیں ایک خاص امیونو تھراپی ویکسین دی گئی۔ یہ ویکسین کینسر کے خلیوں میں موجود دو پروٹینز کو روک کر مدافعتی نظام کو ٹیومر سے لڑنے میں مدد دیتی ہے۔

محققین نے علاج سے پہلے کتوں کے آنتوں میں موجود جراثیم کے نمونے لیے اور پھر علاج کے بعد ان کی بقا کا جائزہ لیا جس کے بعد نتائج نے سب کو حیران کردیا۔

تحقیق میں 11 قسم کے بیکٹیریا کی نشاندہی کی گئی جو ویکسین کی کامیابی کو متاثر کرتے ہیں۔ ان میں سے چار بیکٹیریا علاج کے بعد طویل زندگی سے منسلک تھے جب کہ سات بیکٹیریا مختصر زندگی رکھتے تھے۔ یہ تعلق کتے کی نسل یا کینسر کی قسم سے قطع نظر برقرار رہا۔

کیسے کام کرتا ہے؟

محققین کا خیال ہے کہ آنتوں کے بیکٹیریا مدافعتی نظام کو متاثر کرتے ہیں۔ یہ اثر صرف آنتوں تک محدود نہیں بلکہ پورے جسم میں کینسر کے خلاف مدافعتی ردعمل کو بڑھا یا گھٹا سکتا ہے۔

اوریگون اسٹیٹ یونیورسٹی کی محقق نتالیہ شولژینکو کا کہنا ہے کہ یہ تحقیق اس بات کی طرف پہلا قدم ہے کہ آنتوں کے بیکٹیریا کو کینسر کی تشخیص اور علاج کے لیے استعمال کیا جاسکے۔

مستقبل کے امکانات

محققین کا کہنا ہے کہ مستقبل میں آنتوں کے بیکٹیریا کا ایک سادہ ٹیسٹ یہ بتاسکے گا کہ کتا کینسر کے علاج پر کتنا اچھا ردعمل دے گا۔ اس سے پالتو جانوروں کے مالکان کو علاج کے بارے میں بہتر فیصلے کرنے میں مدد ملے گی۔

مزید یہ کہ پروبائیوٹکس یا فیکل ٹرانسپلانٹ کے ذریعے آنتوں کے بیکٹیریا کو بہتر بناکر کینسر کی ویکسین کی تاثیر کو بڑھایا جاسکتا ہے۔

فی الحال یہ تحقیق ابتدائی مراحل میں ہے تاہم یہ نہ صرف کتوں بلکہ انسانوں کے کینسر کے علاج کے لیے بھی نئی راہیں کھول سکتی ہے۔

متعلقہ خبریں