Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پھل سے صحت پائیں، چھلکوں سے حسن بڑھائیں

چھلکا جو پھلوں کو ایک حفاظتی تہہ فراہم کرتا ہے قدرتی اجزا مالامال ہوتا ہے

پھلوں کا شمار ان غذاؤں میں ہوتا ہے جو انتہائی مزیدار ہونے ساتھ صحت بخش بھی ہوتی ہیں تاہم ان کی ایک اہم خصوصیت جو انہیں دوسروں سے ممتام بناتی ہیں وہ ہیں ان کے چھلکے۔

چھلکا جو ان پھلوں کو ایک حفاظتی تہہ فراہم کرتا ہے قدرتی اجزا مالامال ہوتا ہے بلکہ بعض پھلوں کے چھلکوں میں اصل پھل کی نسبت زیادہ غذائیت موجود ہوتی ہے۔

لوگوں کی بڑی تعداد پھلوں کو چھلینے کے بعد ان چھلکوں کو بے مصرف سمجھ کر پھینک دیتی ہے۔ تاہم  یہ چھلکے چہرے کی جلد کے کئی مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ان میں موجود اجزاء چہرے کے داغ دھبوں کو دور کے اس کی دلکشی کو بڑھاسکتے ہیں یہاں پر ان ہی 5 پھلوں کے چھلکوں کا ذکر کیا جارہا ہے۔

نارنگی کا چھلکا

نارنگی کا چھلکا وٹامن سی سے بھرپور ہوتا ہے جو جلد کی رنگت کو ہلکا کرنے، سیاہ دھبوں کو کم کرنے اور جلد کو جوان بنانے والے کولیجن کی پیداوار کو بڑھانے کے لیے جانا جاتا ہے۔

نارنگی کے چھلکے میں پائے جانے والے قدرتی اجزاء جلد کی رنگت کو نکھارنے اور جلد کی کھردری سطح کو صاف کر کے چہرے کو ایک نئی چمک اور دلکشی فراہم کرتے ہیں۔

استعمال کا طریقہ

نارنگی کی چھلکوں کو دھوپ میں سکھا کر پاؤڈر کی شکل میں استعمال کیا جا سکتا ہے، اس پاؤڈر کو دہی یا شہد میں ملار  چہرے پر استعمال کریں اور 15 سے 20 منٹ بعد دھو لیں۔ اس طرح جلد کی رنگت نکھر جائے گی۔

لیموں کا چھلکا

لیموں سپر فوڈ میں شامل ایک ایسا پھل جس کی افادیت سے ہر ایک واقف ہے لیموں صرف ایک پھل ہی نہیں بلکہ یہ صحت بخش غذا اور بہترین دوا بھی ہے۔ لیموں اپنے اندرجادوئی خواص رکھتا ہے، اس میں کئی صحت بخش اجزاء جیسے وٹامن اے، بی، سی، کیلشیم، میگنیشیم، پوٹاشیم، میگنیز، کاپر اور اینٹی آکسیڈینٹس کی وافر مقدارپائی جاتی ہے جو مجموعی صحت پرمثبت اثرات مرتب کرتی ہے۔

لیموں کے چھلکے میں موجود سائٹرک ایسڈ سیاہ دھبوں کو کم کرنے اور جلد کی رنگت  نکھارنے میں اپنی مثال نہیں رکھتا یہ چکنی پر اضافی تیل کو بھی دور کرتا ہے۔ سائٹرک ایسڈ ایک طرح سے قدرتی بلیچ کا کام کرتا ہے۔

استعمال کا طریقہ

اسکرب بنانے کے لیے خشک لیموں کے چھلکے کو چینی اور زیتون کے تیل کے ساتھ ملائیں۔ اس اسکرب سے  اپنے چہرے پر آہستہ آہستہ دائروں کی صورت میں مساج کریں پھر چند منٹ بعد دھولیں۔

پپیتے کا چھلکا

پپیتے کے چھلکے میں پپین جیسے انزائمز شامل ہوتے ہیں جو جلد کی کھردری سطح کو صاف کرکے اسے ہموار بناتے ہیں۔ پاپین غیر فعال پروٹین کو توڑ کر اور جلد کی کھردری سطح کو ہٹا کر ایک ہموار، زیادہ چمکدار رنگت کو فروغ دیتا ہے۔

استعمال کا طریقہ

پپیتے کے چھلکے کا پیسٹ بنا کر چہرے لگائیں اور 15 سے 20 منٹ کے بعد چہرہ دھولیں، پپیتے کے چھلکوں میں موجود انزائمز آپ کی جلد کو ہموار اور چمکدار بنا دیں گے۔

 کیلے کا چھلکا

کیلے کے چھلکے میں پائے جانے والے اینٹی آکسیڈنٹس، وٹامنز اور معدنیات جلد کو نمی بخشنے، سوزش کو کم کرنے اور صحت مند چمک کو فروغ دینے میں مدد کرتے ہیں۔ لوٹینن، چھلکے میں پایا جانے والا ایک ایسا جز ہے جو جلد کو نمی بخش کر اس کی  بہترین نشوونما کرتا ہے، جس سے یہ جوان دکھائی دیتی ہے۔

استعمال کا طریقہ

کیلے کے چھلکے کی اندرونی سطح کو اپنی جلد پر چند منٹ تک رگڑیں۔  15 سے 20 منٹ تک لگا رہنے دیں پھر چہرہ دھولیں۔ اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس اور غذائی اجزاء جلد کو ایک نئی تازگی فراہم کریں گے۔

سیب کا چھلکا

سیب کے چھلکے میں شامل اینٹی آکسیڈنٹس اور وٹامن سی جلد کی سطح کو ہموار اور لچک کو برقرار رکھنے میں مدد کرتے ہیں۔ یہ اینٹی آکسیڈنٹس آزاد ریڈیکلز سے تحفظ فراہم کرتے ہیں اور عمر رسیدگی کے اثرات کو کم کر کے  اسے جوان اور چمکدار رنگت فراہم کرتے ہیں۔

استعمال کا طریقہ

سیب کے چھلکوں کو پانی میں ابال کر نرم کریں۔ پانی کو چھان لیں، ٹھنڈا ہونے پر اسے ٹونر کے طور پر استعمال کریں۔ ایک روئی کی گیند کا استعمال  کرتے ہوئے اس ٹونر کو چہرے پر لگائیں۔ یہ ٹونر قدرتی چمک فراہم کرے گا۔