Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کچن میں کی جانے والی چھوٹی چھوٹی غلطیاں صحت پر بھاری پڑسکتی ہیں، ماہرین کی اہم ہدایات

ماہرین کا کہنا ہے کہ چھوٹی چھوٹی باتیں خوراک کی حفاظت اور صحت کے لیے انتہائی اہم ہیں۔

فوڈ سیفٹی کے ماہرین نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کچن میں خوراک کی صفائی اور حفاظت کے اصولوں پر سختی سے عمل کریں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ چھوٹی چھوٹی باتیں خوراک کی حفاظت اور صحت کے لیے انتہائی اہم ہیں۔

دستانے کا استعمال

ماہرین کے مطابق ڈسپوزیبل دستانے کھانا تیار کرتے وقت آلودگی کم کرنے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں لیکن یہ ہاتھ دھونے کا متبادل نہیں ہیں جب کہ انہیں کھانا کھاتے وقت نہیں پہننا چاہیے۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ زیادہ دیر تک یا ایک سے زیادہ چیزوں کو چھونے کے لیے ایک ہی دستانے استعمال کرنے سے یہ حفاظتی ذریعے سے آلودگی کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔

تیل کے استعمال میں احتیاط

ماہرین نے کھانا پکانے کے تیل کے صحیح استعمال پر بھی زور دیا ہے۔ تیل کو زیادہ گرم کرنے اور بار بار استعمال کرنے سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ یہ براہ راست خوراک کے معیار اور صحت کو متاثر کرتا ہے۔

برتن دھونے والا اسفنج: جراثیموں کی آماج گاہ

برتن دھونے والے اسفنج کو باورچی خانے میں جراثیم جمع ہونے کی سب سے عام وجہ قرار دیا گیا ہے۔ خاص طور پر رمضان جیسے مصروف دنوں میں ان پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

ہر استعمال کے بعد اسفنج کو صاف پانی سے اچھی طرح دھونا، نچوڑ کر خشک جگہ پر رکھنا چاہیے۔ ایک سے دو ہفتے بعد یا بدبو آنے پر فوری طور پر اسفنج تبدیل کردینا چاہیے۔

خوراک پگھلانے کا صحیح طریقہ

جمی ہوئی خوراک کو کمرے کے درجہ حرارت پر پگھلانے کے بجائے فریج میں رکھ کر آہستہ آہستہ پگھلانا چاہیے۔

ماہرین نے عوام پر زور دیا کہ خوراک کی حفاظت کا آغاز باورچی خانے میں کیے جانے والے روزمرہ کے فیصلوں سے ہوتا ہے۔