ماہرین غذائیت کے مطابق شہد صرف ایک میٹھا کھانا نہیں بلکہ صحت سے بھرپور قدرتی خوراک ہے۔ روزانہ ایک سے دو چائے کے چمچ (تقریباً 5 سے 10 گرام) شہد کا استعمال زیادہ تر افراد کے لیے مفید اور محفوظ ہے۔
روزانہ شہد کھانے سے جسم پر مختلف اثرات مرتب ہوتے ہیں جن میں سے چند کے بارے میں آج ہم آپ کو بتانے جارہے ہیں۔
سوزش میں کمی
شہد میں موجود پولی فینولز اور فلیوونائڈز نامی مرکبات جسم میں آکسیڈیٹیو اسٹریس کو کم کرتے ہیں جس سے سوزش میں کمی آتی ہے۔ یہ وہی مرکبات ہیں جو بیریز، زیتون کے تیل اور ڈارک چاکلیٹ میں پائے جاتے ہیں۔
بلڈ شوگر کنٹرول
شہد میں گلوکاز اور فرکٹوز قدرتی تناسب میں موجود ہوتے ہیں۔ یہ ریفائنڈ شوگر کے مقابلے میں زیادہ میٹھا ہوتا ہے جس کی وجہ سے کم مقدار میں بھی اتنی ہی مٹھاس دی جاسکتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ بلڈ شوگر کو کنٹرول کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔
نظام ہاضمہ بہتر ہونا
شہد میں موجود پری بائیوٹک مرکبات آنتوں کے فائدہ مند بیکٹیریا کو غذا فراہم کرتے ہیں۔ کچھ اقسام میں موجود انزائمز بھی نظام ہاضمہ کو بہتر بناتے ہیں۔
کھانے کا ذائقہ بہتر
شہد کھانے کی لذت بڑھاتا ہے۔ یہ مچھلی، سبزیوں اور اناج کے ساتھ استعمال کیا جاسکتا ہے۔
زخم بھرنے میں مدد
شہد کی اینٹی مائیکروبیل کی خصوصیات زخموں کو بھرنے اور کھانسی کو کم کرنے میں مدد دیتی ہیں۔ یہ گلے کی سوزش کو کم کرکے کھانسی میں آرام پہنچاتا ہے۔
طویل توانائی
شہد میں موجود قدرتی شکر جسم کو فوری اور دیرپا توانائی فراہم کرتی ہے۔ گلوکاز فوری توانائی دیتا ہے جب کہ فرکٹوز آہستہ جذب ہوکر توانائی کو برقرار رکھتا ہے۔ کھلاڑیوں کے لیے یہ توانائی کا بہترین قدرتی ذریعہ ہے۔
ماہرین کا مشورہ ہے کہ شہد کو اعتدال میں استعمال کریں اور زیادہ سے زیادہ فوائد کے لیے اسے متوازن غذا کا حصہ بنائیں۔




















