Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزن کم کرنے والی دوا کے سنگین نتائج سامنے آنے لگے

امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کو رپورٹ کیے گئے 3 کروڑ سے زائد ضمنی اثرات کے تجزیے میں یہ انکشاف ہوا۔

وزن کم کرنے والی دوا کے سنگین نتائج سامنے آنے لگے جس میں بینائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

وزن کم کرنے کے لیے استعمال ہونے والی مقبول دوا ویگووی کے نایاب مگر سنگین ضمنی اثرات سامنے آئے ہیں جسے میڈیا رپورٹس میں ’’آنکھ کا فالج‘‘ قرار دیا جا رہا ہے۔

طبی لحاظ سے اس کیفیت کو نان آرٹرائٹس اینٹریئر اسکیمک آپٹک نیوروپیتھی کہا جاتا ہے جس میں آنکھ کی بصری عصب میں خون کی روانی رک جانے سے بینائی متاثر ہوتی ہے۔

یہ دماغی فالج کی طرح نہیں ہوتا بلکہ اس میں بتدریج یا اچانک ایک یا دونوں آنکھوں کی بینائی جزوی یا مکمل طور پر ختم ہو سکتی ہے۔

امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کو رپورٹ کیے گئے 3 کروڑ سے زائد ضمنی اثرات کے تجزیے میں یہ انکشاف ہوا کہ ویگووی استعمال کرنے والوں میں اس مرض کا خطرہ دیگر سیمگلوٹائیڈ پر مبنی ادویات جیسے اوزیمپک کے مقابلے میں پانچ گنا زیادہ ہے۔

تحقیق کے مطابق ویگووی سے وزن تیزی سے کم ہوتا ہے جس سے بلڈ پریشر میں اتار چڑھاؤ آسکتا ہے۔ آنکھ کے پردے (ریٹینا) کو خون فراہم کرنے والی انتہائی باریک شریانیں اس اتار چڑھاؤ سے متاثر ہوکر خون کی روانی روک سکتی ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ مردوں میں یہ خطرہ خواتین کی نسبت تین گنا زیادہ پایا گیا تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ضمنی اثر انتہائی نایاب ہے اور اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

ویگووی بنانے والی کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مریضوں کی حفاظت ان کی اولین ترجیح ہے۔ یورپی یونین میں ان ادویات کے مریضوں کے لیے دیے جانے والے معلوماتی پرچوں میں اس ضمنی اثر کو شامل کردیا گیا ہے۔

تاہم کمپنی کا مؤقف ہے کہ مجموعی شواہد کی روشنی میں سیمگلوٹائیڈ کے فوائد اس نایاب خطرے سے کہیں زیادہ ہیں۔

ماہرین کا مشورہ ہے کہ مریض ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر یہ دوا استعمال نہ کریں اور بینائی میں کسی بھی تبدیلی کو فوری طور پر ڈاکٹر کے علم میں لائیں۔