ماہ رمضان میں کھانے پینے اور سونے جاگنے کے اوقات کار تبدیل ہوجاتے ہیں، دن بھر کھانے پینے سے گریز کیا جاتا ہے اس طرح معدہ اس خاص روٹین کا عادی ہوجاتا جسے دوبارہ معمول پر لانے کے لیے کچھ احتیاط نہایت ضروری ہے۔
رمضان کے اختتام پر عید کا تہوار منایا جاتا ہے جس میں روایتی پکوانوں کا اہتمام کیا جاتا ہے دعوتیں چلتی ہیں جبکہ سال کے بقیہ گیارہ مہینوں کے لیے پھر کھانے پینے کے اسی معمول کی طرف لوٹنا ہوتا ہے اس لیے ضروری ہے کہ کھانے کو چھوٹے چھوٹے پورشن میں تقسیم کر کے کھایا جائے یعنی ایک دم شکم سیری کے ساتھ کھانا نہ کھائیں۔
کھانے سے قبل پانی پینا
عید پر بدہضمی اور بد پرہیزی جیسے مسائل سے محفوظ رہنا چاہتے ہیں تو کھانے سے پہلے دو گلاس پانی پیئیں، پانی کے یہ دو گلاس آپ کو کھانے کے دوران کم کیلوریز لینے میں مدد دیں گے اوریہ بڑھتی خوراک میں کمی لانے کا بھی بہترین طریقہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کیا روزانہ نوڈلز کھانا آپ کی صحت کو نقصان پہنچاسکتا ہے؟
زیادہ چکنائی والی غذا سے پرہیز
یہ دھیان رکھیں کہ معدہ و آنتوں کو روزوں کی عادت ہے اور ایک دم کھانے پینے سے ان پر دباؤ بڑھ سکتا ہے کیونکہ روزوں کے دوران پورے مہینہ خالی پیٹ رہتا ہے جس سے معدہ اور جگر سے خارج شدہ رطوبات صفراء وغیرہ ایک ہی جگہ جمع رہنے لگتی ہیں جس کی وجہ سے معدہ کی بہت سی رطوبات انعکاسی طور سے غذا کی نالی میں داخل ہونے لگتی ہیں جن کو (GERD) کے نام سے جانا جاتا ہے۔ اس لیے جہاں تک ممکن ہو نان ویج، چکناہٹ والی چیزیں، زیادہ چائے اور کاربو نیٹڈ واٹر کا زیادہ استعمال نہ کریں۔
زیادہ کھانا صحت کے لیے نقصان دہ ہے کیونکہ اعصابی بیماریاں، دماغی کمزوری، بلند فشار خون، ذیابیطس اور پیٹ کے متعدد امراض زیادہ کھانے سے ہی پیدا ہوتے ہیں، اس لیے کھانے میں اعتدال سے کام لیں۔
کم سے کم آدھا گھنٹہ چہل قدمی لازمی کریں
ہم عید یا تہواروں کے موقع پر ورزش کرنا بھول جاتے ہیں لیکن ورزش سے متعلق یاد رکھیں کہ دوران ورزش انسان کا جسم خوش رکھنے والا ہارمون ایڈروفین خارج کرتا ہے جونہ صرف آپ کے کھانے کی اشتہا کو قابو میں رکھتا ہے بلکہ مزاج پر بھی خوشگوار اثرات مرتب کرتا ہے۔
رمضان کے بعد غذا میں پھلوں اور سبزیوں کا استعمال نہ بھولیں
عید پر مرغن غذائیں کھانے کے بجائے پھلوں اور سبزیوں کا زیادہ استعمال کریں، پھلوں اور سبزیوں میں موجود پانی اور فائبر پیاس بجھانے کے ساتھ پیٹ بھرے ہونے کا احساس دلاتے ہیں۔
پھلوں میں موجود مٹھاس ہمارے جسم میں چینی کے لیے پائی جانے والی طلب کو پورا کرتی ہے، پھلوں کے استعمال سے آپ اتنا زیادہ میٹھا نہیں کھاتے جو وزن بڑھانے کا سبب بن جائے۔




















