Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

دل کے دورے اور فالج سے بچاؤ؛ روزانہ کی تین چھوٹی عادتیں جو آپ کی زندگی بدل سکتی ہیں

اگر ان تینوں عادات کو بہتر سطح پر لے جایا جائے تو بیماریوں کا خطرہ 57 فیصد تک کم ہوسکتا ہے۔

یونیورسٹی آف سڈنی کی ایک نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ روزانہ کی تین معمولی عادات میں تبدیلی لاکر دل کے دورے اور فالج کے خطرے میں نمایاں کمی لائی جاسکتی ہے۔

محققین نے 53 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا۔ اوسطاً 63 سال کی عمر کے ان افراد کا آٹھ سال تک فالو اپ کیا گیا۔

نتائج سے پتا چلا کہ جو لوگ روزانہ 11 منٹ زیادہ سوتے تھے، ساڑھے 4 منٹ زیادہ ورزش کرتے تھے اور چوتھائی کپ زیادہ سبزیاں کھاتے تھے ان میں دل کے دورے، فالج اور دل کی دیگر بیماریوں کا خطرہ 10 فیصد کم تھا۔

اگر ان تینوں عادات کو بہتر سطح پر لے جایا جائے یعنی روزانہ 8 سے 9 گھنٹے نیند، 42 منٹ سے زیادہ ورزش اور بہتر خوراک تو اس سے بیماریوں کا خطرہ 57 فیصد تک کم ہوسکتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ معتدل سے زیادہ ورزش سے مراد تیز چہل قدمی، سیڑھیاں چڑھنا یا خریداری کا سامان اٹھانا جیسی سرگرمیاں ہیں۔

بہتر خوراک میں پھل، سبزیاں، مچھلی اور اناج شامل ہیں جب کہ پراسیسڈ گوشت اور میٹھے مشروبات سے پرہیز کرنا چاہیے۔

یونیورسٹی آف سڈنی کے ماہر نکولس کویمل کا کہنا ہے کہ ایک ساتھ تین چھوٹی تبدیلیاں لانا لوگوں کے لیے کسی ایک بڑی تبدیلی سے زیادہ آسان ہے۔

محققین اب ایسے ڈیجیٹل ٹولز تیار کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جو لوگوں کو ان صحت مند عادات کو اپنانے میں مدد دے سکیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ دل کی بیماریاں دنیا بھر میں اموات کی سب سے بڑی وجہ ہیں۔ اس لیے ان تینوں عادات میں معمولی بہتری بھی طویل مدت میں بہت بڑا فائدہ دے سکتی ہے۔