Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

یورپ میں برڈ فلو کا پہلا انسانی کیس رپورٹ، اطالوی حکام نے الرٹ جاری کردیا

یہ انفیکشن یورپ میں اس قسم کے وائرس کا پہلا انسانی کیس ہے۔

روم: اطالوی وزارت صحت نے 25 مارچ 2026 کو ملک میں برڈ فلو وائرس H9N2 کا پہلا انسانی کیس ریکارڈ کیا۔ یہ انفیکشن یورپ میں اس قسم کے وائرس کا پہلا انسانی کیس ہے۔

اطالوی وزارت صحت کے مطابق مریض ایک کمزور صحت والا لڑکا ہے جو افریقا کے دورے سے واپسی کے بعد اٹلی کے علاقے لومبارڈی آیا۔ اس کی تشخیص کے بعد اسے مونزا کے اسپتال میں قرنطینہ کرکے علاج کیا جارہا ہے۔ خوش قسمتی سے اس کی حالت تشویشناک نہیں ہے۔

H9N2 کیا ہے؟

H9N2 انفلوئنزا اے وائرس کی ایک قسم ہے۔ اس گروپ میں انسانی موسمی فلو کے وائرس H1N1 اور H3N2 کے ساتھ ساتھ پرندوں میں پائے جانے والے کئی وائرس شامل ہیں۔

یہ وائرس ’’کم خطرہ ایویئن انفلوئنزا‘‘ کے زمرے میں آتا ہے۔ پولٹری پر اس کے اثرات زیادہ ہوتے ہیں لیکن انسانوں میں یہ عام طور پر معمولی بیماری کا سبب بنتا ہے۔

کیا خطرہ ہے؟

ماہرین کا کہنا ہے کہ فی الحال انسانوں کے لیے یہ وائرس بہت کم خطرہ ہے۔ اس وائرس کو انسانوں میں پھیلنے کے لیے اپنی ساخت میں تبدیلی لانی ہوگی۔

اطالوی حکام نے احتیاط کے طور پر مریض کے رابطے میں آنے والے تمام افراد کا پتا لگا کر ان کی جانچ کررہے ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق وائرس کے پھیلنے کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے۔

یہ پہلا انسانی کیس یورپ میں ہے جب کہ اس سے پہلے چین، ایشیا اور افریقا کے مختلف ممالک میں H9N2 کے سیکڑوں انسانی کیس ریکارڈ کیے جاچکے ہیں۔

ماہرین کے مطابق فی الحال H9N2 سے زیادہ تشویشناک H5N1 وائرس ہے جو پوری دنیا میں پھیل رہا ہے۔ یہ وائرس زیادہ خطرناک ہے اور ممالیہ جانوروں میں تیزی سے پھیل رہا ہے۔

اطالوی حکام کا کہنا ہے کہ برڈ فلو وائرس کے غیر متوقع رویے کو دیکھتے ہوئے چوکسی برقرار رکھنا ضروری ہے۔