آئی فون اور دیگر مصنوعات بنانے والے مشہور کمپنی ایپل نےایپل واچ سیریز سکس (6) پیش کردی ہے۔
ایپل کے ورچوئل ٹائم فلایئز ایونٹ میں کمپنی کی جانب سے نئی اسمارٹ واچز، آئی پیڈ اور ٹی وی اور ویڈیو گیمز کے ڈیجیٹل سبسکرائپشنز پر توجہ دی گئی ہے ۔
ایپل واچ 6 میں کووڈ 19 سے لڑنے کے لیے ہاتھوں کی صفائی کے ٹریکر، خون میں آکسیجن کی سطح کی مانیٹرنگ کرنے کا فیچر جو سطح بہت کم ہونے پر صارف کو آگاہ کرے گا۔

موشن سنسرز کے ذریعے نیند کی ٹریکنگ جیسے فیچرز دیئے گئے ہیں جبکہ بلیو ایلمونیم، بلیک گرائفٹ اور ڈیپ ریڈ جیسے نئے رنگوں کا اضافہ کیا گیا ہے ۔

کمپنی کا کہنا تھا کہ ایپل واچ 6 سیریز میں بلڈ آکسیجن کی سطح کی جانچ پڑتال 15 سیکنڈ میں ہوگی جس کے لیے ریڈ اور انفراریڈ لائٹ کا استعمال ہوگا۔
اس اسمارٹ واچ میں نیا ایس 6 پراسیسر دیا گیا ہے جو پہلے کے مقابلے میں 20 فیصد تیز ہوگا۔

اس کے علاوہ ڈسپلے کی سطح پر میموجی کا اضافہ کیا گیا ہے جو ایک کسٹمائز اوتار ہے جسے آپ اپنی شخصیت کے لحاظ سے تبدیل کرسکتے ہیں۔ ایپل نےیہ بھی بتایا کہ اس نے ڈاکٹروں اور دیگر ماہرین کے اشتراک سے صحت و امراض کے طویل مطالعات بھی کئے ہیں ۔ ان کی معلومات سے ایپل واچ میں بطورِ خاص صحت اور فٹنس کے نئے فیچر شامل کئے گئے ہیں۔
ایپل کی جانب سے ایک نیا فیچر فیملی سیٹ اپ کو بھی متعارف کرایا گیا ہے جس سے والدین اپنے بچوں کی ایپل واچز کو کنٹرول کرسکیں گے۔
یہ اسمارٹ واچ 15 ستمبر سے 399 ڈالرز (66 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کے لیے دستیاب ہوچکی ہے ۔



















