وزیرجیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان عمر شریف کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمر شریف کے انتقال سے فن ظرافت کا ایک اہم باب ہمیشہ کے لیے بند ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرجیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستان کی پہچان عمر شریف کی وفات قومی سانحہ ہے، ہر سو قہقہے بکھیرنے والی باغ و بہار شخصیت کے مالک عمر شریف کے انتقال پر ہر آنکھ اشکبار ہے۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ عمر شریف نے اپنی زندگی فن و ثقافت کے لیے وقف کی ہے، عمر شریف ایک عہد کا نام ہے جسے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکے گا۔
مزید کہا کہ ٹیلی ویژن اسٹیج اور فلم انڈسٹری کے لیے عمر شریف کے لازوال کردار ان کی اعلی فنکارانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں، عمر شریف کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلا کبھی پُر نہیں ہو سکے گا۔
واضح رہے کہ لیجنڈری کامیڈین عمر شریف آج جرمنی میں انتقال کرگئے ہیں۔
یاد رہے کہ عمر شریف عارضہ قلب اور دیگر مختلف بیماریوں میں مبتلا تھے، وہ گزشتہ کئی ہفتوں سے کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے اوت کچھ دن قبل ہی علاج کے لیے امریکہ روانہ ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ عمر شریف19 اپریل1955 کو پیدا ہوئے تھے،عمرشریف نے اپنے کیریئر کا آغاز1974 میں14 سال کی عمر میں اسٹیج اداکاری سے کیا تھا۔
اسکے علاوہ عمرشریف کو بہترین اداکار اورڈائریکٹر کا ایوارڈ1992میں دیا گیا تھا،عمرشریف کوبہترین کارکردگی پرتمغہ امتیاز سے بھی نوازا گیا تھا۔




















