Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

صحت کی ضامن اسمارٹ انگوٹھی

امریکا میں ہونے والی تین روزہ برقی مصنوعات کی نمائش سی ای ایس 2022 جاتے جاتے بھی صارفین کے ذہنوں پر اپنے نقش ثبت کرگئی ہے۔

اس نمائش میں دنیا بھر کی ٹیکنالوجی کمپنیوں نے اپنی جدید ترین مصنوعات اور تصورات کو ماڈلزکی شکل میں پیش کیا۔

امریکا کی ٹیکنالوجی حب سمجھی جانے والی ریاست کیلیفورنیا میں واقع ویئر ایبل ڈیوائسز بنانے والی کمپنی مووانو نے نمائش میں ایک ’ انگوٹھی‘ پیش کی۔

ٹیکنالوجی کے ماہرین نے اس اسمارٹ انگوٹھی کو نئی جنریشن کی ویئر ایبل ڈیوائس قرار دیا۔ مووانو رنگ اپنے اسمارٹ فیچرز کی بدولت آپ کے پورے جسم کو کھنگالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

فیشن اور جدت کی حامل یہ ویئر ایبل ڈیوائس پہننے والے کی صحت سے متعلق تمام معلومات جیسا کہ سیچوریشن( خون میں آکسیجن کی مقدار)، دل کی دھڑکن، نیند کے معیار اور جسمانی سرگرمیوں کو ریکارڈ کرکے اسمارٹ فون ایپ پر منتقل کرتی ہے۔

عموما دیگر فٹنس ٹریکر صحت سے متعلق معلومات کو گراف اور چارٹس کی شکل میں پیش کرتے ہیں لیکن ان کے برعکس مووانو رنگ آپ کو یہ بتاتی ہے کہ دائمی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے کیا اقدامات کیے جانے چاہئے۔ یہ انگوٹھی آپ کو یہ بھی بتائے گی کہ کس نئی ورزش سے آپ کی نیند کا معیار بہتر ہوا ہے۔

مووانو رنگ کے کام کرنے کا طریقہ کار

یہ ڈیوائس ایک طبعی الگورتھم (کمپیوٹر پر کسی منطقی یا حسابی مسئلے کے حل کے لیے اختیار کیا جانے والا طریقہ کار) کی بنیاد پر نتائج اخذ کرتی ہے جو کہ ہزاروں افراد کے صحت سے متعلق اعداد و شمار کو استعمال کرتا ہے۔

کمپنی کی جانب سے اس انگوٹھی کو بطور طبی پراڈکٹ مارکیٹ کرنے کی اجازت طلب کی گئی ہےاور اگر امریکی محکمئہ صحت کی جانب اسے منظوری مل جاتی ہے تو پھر جلد ہی اسے فروخت کے لیے پیش کردیا جائے گا۔