Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اب نئے ریموٹ کنٹرول سے تمام ٹچ آلات کنٹرول کیجئے

اگر آپ اسمارٹ فون پر یوٹیوب ویڈیو بنارہے ہیں تو بار بار فون کو ٹچ کرکے ریکارڈنگ کھولنے اور بند کرنے کی ضرورت پڑتی ہے۔ اب لائٹر کی جسامت کا یہ آلہ تمام فون، ٹیبلٹ اور ٹچ لیپ ٹاپ کو وائرلیس کنٹرول کرسکتا ہے۔ اس کے علاوہ اسے ہوائی ماؤس اور کانفرنس پوائنٹر بھی بنایا جاسکتا ہے۔

اس انقلابی آلے کا نام چیر ٹاک ہے اور قیمت صرف 35 ڈالر رکھی گئی ہے۔ فی الحال یہ ایجاد کراؤڈ فنڈنگ ویب سائٹ پر چندے کے مراحل میں ہے جس کے بعد اس کی قیمت زیادہ ہوسکتی ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ وائرلیس ٹچ پیڈ آلے کے ساتھ شارٹ کٹ جنریٹر بھی بن سکتا ہے۔ تیسری اہم بات یہ کہ اگر آپ کسی کانفرنس میں پریزینٹیشن پیش کررہے ہیں تو یہ آلہ لیزر پوائنٹر بن جاتا ہے۔

اس کا وزن صرف 40 گرام ہے اور ایک مرتبہ چارج ہونے پر چیر ٹاک 20 روز تک کام کرسکتا ہے۔ اس طرح آپ کے تمام ٹچ آلات کا کنٹرول آپ کے ہاتھ میں آجاتا ہے اور وہ بھی ریموٹ کنٹرول انداز میں کام کرسکتا ہے۔ اس طرح اسکرین اور فون کو قابو کرنے کی شاندار آپشن آپ کی مٹھی میں آجاتا ہے۔

اسے فوٹو کھینچنے اور سیلفی کا ریموٹ کنٹرول بھی بنایا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ دور رکھے ٹیبلٹ کے امیج کو زوم بھی کیا جاسکتاہے۔ اس طرح ایک دستی آلے میں کل چار آلات شامل کرکے اسے چیرٹاک کا نام دیدیا گیا ہے۔ اس سے آپ میک، ونڈوز، ٹیبلٹ، اسمارٹ فون، ٹچ ٹی اور دیگر اسمارٹ ڈسپلے کنٹرول کرسکتے ہیں۔

اگر آٌپ آئی پیڈ کو دور رکھ کر کوئی ویڈیو دیکھ رہے ہیں تو اس آلے کی بدولت اسے مکمل طور پر کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔ اس کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ آپ اسے کسٹمائز بھی کرسکتے ہیں۔