Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

شاپنگ پلازہ کے تہہ خانے میں آگ بھڑک اٹھی، ہلاکتوں کا خدشہ

چین کے شنیو شہر میں ایک شاپنگ پلازہ کے تہہ خانے میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

قطری خبر رساں ادارے کی خبر کے مطابق چین کے جنوب مشرقی صوبے جیانگ سی کے شنیو شہر میں دکانوں کے تہہ خانے میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی اور دیگر اب بھی پھنسے ہوئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے باعث ہلاکتوں کا خطرہ ہے۔

یہ آگ شینیو شہر میں دکانوں کے تہہ خانے میں لگی۔ سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق 9 افراد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا ہے جبکہ متعدد افراد پھنسے ہوئے ہیں۔

فائر فائٹرز آگ بجھانے کے لیے کام کر رہے ہیں جبکہ فائر فائٹرز نے آگ بجھانے کے لیے مزید فائر ٹرک اور دیگر ایمرجنسی رسپانس گاڑیاں طلب کر لی ہیں۔

100 سے زائد فائر فائٹرز، پولیس اور مقامی سرکاری اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔

مقامی حکومت کا کہنا ہے کہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے اور آگ لگنے کی وجوہات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں ملک میں آتشزدگی کا یہ دوسرا مہلک واقعہ ہے، گزشتہ ہفتے وسطی صوبہ ہینان میں ایک اسکول کے ہاسٹل میں آگ لگنے سے کم از کم 13 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

اس آتشزدگی میں ہلاک ہونے والے افراد تیسری جماعت کے پرائمری اسکول کے طالب علم تھے، جن میں سے زیادہ تر کا تعلق دیہی علاقوں سے تھا۔

اسکول کے سربراہ کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ حکام آگ لگنے کی وجوہات کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

چین میں سوشل میڈیا صارفین نے اس واقعے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داروں کو سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

متعلقہ خبریں