محکمہ ایکسائز ٹیکسیشن لاہور میں سرکاری ملازمین کی بجائے پرائیویٹ افراد نوکری کرنے لگے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ ایکسائز لاہور کے افسران کی لاپرواہی اور نااہلی کے باعث ادارے کے ملازمین کے بجائے پرائیویٹ افراد سے کام کرانے لگ گئے۔
پرائیویٹ ملازم نے سرکاری خزانے کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا اور محکمہ ایکسائز لاہور کی سرکاری گاڑی کو پرائیویٹ ڈرائیور نے بجلی کی تنصیبات سے ٹھوک دیا۔
بول نیوز نے محکمہ ایکسائز کی سرکاری گاڑی کی تصاویر حاصل کر لیں، جو پرائیویٹ ڈرائیور چلا رہا تھا۔
ذرائع کے مطابق ایکسائز ٹیکسیشن لاہور میں موٹر برانچ کے افسران نے سرکاری ملازم کی بجائے پرائیویٹ افراد کو نوکری پر رکھا ہوا ہے، اور انہیں کی ذریعے سرکاری امور انجام دیئے جا رہے ہیں۔
بول نیوز کے مطابق بابر نامی ایک پرائیویٹ ملازم نے محکمہ ایکسائز کی گاڑی نمبر ایل ای جی-555-10 کو سوسائٹی میں لگے بجلی کے کھمبے میں دے مارا، ذرائع کے مطابق سرکاری گاڑی کی مرمت پر لاکھوں روپے خرچ ہوئے۔
جبکہ سوسائٹی انتظامیہ نے تنصیبات کو نقصان پہنچانے کی مد میں محکمہ ایکسائز سے اڑھائی لاکھ وصول کئے۔ کیونکہ ایکسائز کی گاڑی کی ٹکر سے مقامی سوسائٹی میں بجلی کی تنصیبات متاثر ہوئیں
ذرائع کے مطابق بابر نامی شخص ڈائریکٹر ایکسائز موٹرز لاہور محمد آصف کا پرائیویٹ ملازم ہے، بابر نامی یہ شخص محکمہ ایکسائز کے ناکوں پر ڈائریکٹر آصف کے ہمراہ ہوتا ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر موٹرز لاہور آصف نے اعلٰی افسروں کو واقعے سے آگاہ نہ کیا، ڈائریکٹر جنرل ایکسائز ٹیکسیشن نے صورتحال سے واقف ہونے کے بعد انکوائری کا حکم دے دیا۔




















