Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ٹک ٹاک پر غیر اخلاقی مواد سے متعلق پی ٹی اے کو اہم احکام جاری

ٹک ٹاک پر غیر اخلاقی مواد سے متعلق پی ٹی اے کو اہم احکام جاری کردیے گئے۔ پشاور ہائیکورٹ نے سوشل میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کو فعال کرنے کوبھی ضروری قرار دیدیا۔

لائیو سیشنز میں بڑھتے ہوئے غیر اخلاقی مواد اورپشتو زبان میں نازیبا حرکات کے خلاف شہری ثاقب الرحمان نے عدالت میں درخواست دائر کررکھی ہے۔

درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیاکہ ٹک ٹاک کے لائیو فیچرزسے فحاشی کوفروغ دیاجارہاہے۔

ان سیشنز میں ویورشپ بڑھانے اور مالی فوائد حاصل کرنے کے لیے جان بوجھ کر فحش اشارے، دوٹوک نازیبا گفتگو، گندی گالیاں اور خواتین کے خلاف توہین آمیز انداز اختیار کیا جاتا ہے۔

بعض ٹک ٹاکرز شام سے رات گئے تک ایسے لائیو پروگرامز چلاتے ہیں، جن میں اخلاقی حدود کو بری طرح پامال کیا جاتا ہے۔

پی ٹی اے کے وکیل جہانزیب محسود نے عدالت کو بتایا کہ پی ٹی اے غیر قانونی مواد کو ساتھ ساتھ بلاک کررہی ہے۔غیر اخلاقی مواد کی شکایات کے لیے پورٹل بھی بنایا گیا ہے۔

عدالت نے اس ضمن میں ٹک ٹاک سے غیر اخلاقی مواد ہٹانے کا حکم دیا۔ قرار دیا کہ پیکا ایکٹ کے تحت کام کرنے والے اداروں کو بھی متحرک ہونے کی ضرورت ہے۔

متعلقہ خبریں