Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایشز سیریز: انگلینڈ مشکلات کا شکار، دوسرے دن آسٹریلیا کو 158 رنز کی برتری

انگلینڈ کی جانب سے کپتان بین اسٹوکس 45 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ ہیري بروک نے بھی 45 رنز کی اننگز کھیلی

ایڈیلیڈ: ایشز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ کے دوسرے دن انگلینڈ کی بیٹنگ ایک بار پھر دباؤ میں رہی اور میزبان آسٹریلیا نے واضح برتری حاصل کرلی۔

دن کے اختتام پر انگلینڈ نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 213 رنز بنائے جبکہ اسے آسٹریلیا کے پہلی اننگز کے اسکور 371 کے مقابلے میں 158 رنز کا خسارہ ہے۔

انگلینڈ کی جانب سے کپتان بین اسٹوکس 45 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ ہیري بروک نے بھی 45 رنز کی اننگز کھیلی۔

اس کے برعکس اولی پوپ صرف 3 رنز بنا کر غیر ذمہ دارانہ شاٹ کھیلتے ہوئے آؤٹ ہوگئے، جس سے انگلینڈ کی مشکلات میں اضافہ ہوا۔

میچ کے دوران امپائرنگ فیصلوں پر بھی تنازع سامنے آیا۔ اسٹیو اسمتھ کو کیچ آؤٹ قرار دیا گیا جس پر سنیکو ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق ایک بار پھر ابہام پیدا ہوا۔

اسمتھ اور اسٹوکس دونوں فیصلے پر حیران دکھائی دیے، جبکہ اس سے قبل آسٹریلوی کھلاڑی بھی سنیکو ٹیکنالوجی پر تنقید کرچکے ہیں۔

آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ نیتھن لیون اور اسکاٹ بولینڈ نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل انگلینڈ کے جوفرا آرچر نے بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے آسٹریلیا کو 371 رنز پر آؤٹ کرنے میں اہم کردار ادا کیا، انھوں نے 5 وکٹیں 53 رنز کے عوض حاصل کیں۔

واضح رہے کہ پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ پہلے ہی 0-2 سے پیچھے ہے اور ایشز سیریز کو زندہ رکھنے کے لیے اسے یہ ٹیسٹ لازمی جیتنا ہوگا۔

تیسرے ٹیسٹ کے دوسرے دن کے اختتام پر آسٹریلیا کی پوزیشن خاصی مضبوط دکھائی دے رہی ہے۔