Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

9 مئی کیس، شاہ محمود قریشی بری، یاسمین راشد سمیت دیگر کو 10، 10 سال قید

دورانِ سماعت اشتہاری قرار دیے گئے چار ملزمان کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم بھی دیا

انسدادِ دہشت گردی عدالت لاہور  نے 9 مئی کو کلب چوک جی او آر گیٹ پر حملے کے مقدمے کا فیصلہ سنا دیا۔

عدالت نے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کو مقدمے سے بری کر دیا، جبکہ ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چودھری اور محمود الرشید سمیت دیگر ملزمان کو دس، دس سال قید کی سزا سنائی گئی۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے فیصلہ کوٹ لکھپت جیل میں پڑھ کر سنایا۔ فیصلے کے موقع پر جیل اور اس کے اطراف میں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے، جیل کے قریبی راستے عام شہریوں کے لیے بند رہے جبکہ جیل سپرنٹنڈنٹ نے خود سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

عدالت نے مجموعی طور پر آٹھ ملزمان کو دس سال قید اور فی کس پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ سزا پانے والوں میں قاسم، شہباز، مشتاق اور عبداللہ بھی شامل ہیں۔

دوسری جانب عدالت نے شاہ محمود قریشی سمیت 13 ملزمان کو بری کر دیا، جن میں رمضان، یاسر، طیب اور آفتاب سمیت دیگر شامل ہیں۔

عدالت نے دورانِ سماعت اشتہاری قرار دیے گئے چار ملزمان کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم بھی دیا۔ اشتہاری ملزمان میں فاروق انجم، حبیب احمد، ارسلان اور اکبر خان شامل ہیں۔

یاد رہے کہ عدالت نے مقدمے کی سماعت مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ اس مقدمے میں پراسیکیوشن کے 56 گواہوں کے بیانات قلمبند کیے گئے، جبکہ 25 ملزمان کے خلاف چالان عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔

یہ مقدمہ تھانہ ریس کورس میں درج کیا گیا تھا، جس میں ایف آئی آر کے مطابق ملزمان پر کلب چوک جی او آر گیٹ کے سکیورٹی کیمرے، شیشے اور پولیس وائرلیس توڑنے، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور پولیس اہلکاروں پر حملہ کرنے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔

مزید یہ کہ پی ٹی آئی رہنماؤں پر کارکنان کو 9 مئی کے واقعات میں بغاوت اور فسادات پر اکسانے کا الزام بھی شامل تھا۔

فیصلہ سنانے کے بعد جج منظر علی گل سخت سکیورٹی میں کوٹ لکھپت جیل سے روانہ ہو گئے۔