Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بلندیوں کا ریکارڈ بنانے کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں مندی، کاروبار منفی زون میں بند

حالیہ تیزی کے بعد سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع سمیٹنے کا رجحان دیکھا گیا

نئے ریکارڈ قائم کرنے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منافع کے حصول کے لیے فروخت کے دباؤ کے باعث کاروبار کے اختتام پر مندی چھا گئی۔ کے ایس ای 100 انڈیکس 556 پوائنٹس کی کمی کے بعد 171,404 پوائنٹس پر بند ہوا۔

کاروباری سیشن کے دوران 100 انڈیکس 172,674 پوائنٹس کی بلند ترین سطح تک بھی پہنچا، تاہم دن کے اختتام پر فروخت کے دباؤ کے باعث مارکیٹ منفی زون میں چلی گئی۔

ماہرین کے مطابق حالیہ تیزی کے بعد سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع سمیٹنے کا رجحان دیکھا گیا۔

آج کے کاروبار میں 29 ارب روپے مالیت کے 32 کروڑ حصص کے سودے طے پائے۔ مجموعی طور پر 562 کمپنیوں کے شیئرز کا لین دین ہوا، جن میں سے 179 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 261 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز کے ایس ای 100 انڈیکس 171,960 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ آج مارکیٹ میں مندی رہی، تاہم مجموعی رجحان محتاط مگر مثبت قرار دیا جا رہا ہے اور آئندہ دنوں میں اتار چڑھاؤ جاری رہنے کا امکان ہے۔