اسلام آباد : صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 18ویں برسی پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
اپنے پیغام میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 18ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں ان کی جمہوریت کے لیے جدوجہد، قربانی اور عوامی خدمات کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو کی زندگی اور قربانی کا پاکستان میں جمہوریت کی جدوجہد سے گہرا تعلق ہے۔ وہ عالمِ اسلام کی پہلی خاتون وزیراعظم تھیں جنہیں عوام نے دو مرتبہ منتخب کیا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ پُرامن سیاست اور جمہوریت پر یقین رکھتی تھیں۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو بار بار یاد دلاتی تھیں کہ اصل بدلہ جمہوریت ہے۔ ان کا پیغام نفرت کے بجائے اتحاد، برداشت اور باہمی احترام کا درس دیتا ہے اور ہمیں ایک دوسرے کے قریب لاتا ہے۔
صدر مملکت کے مطابق شہید بینظیر بھٹو نے آئینِ پاکستان، عوام کے ووٹ کے حق اور جمہوری اداروں کے استحکام کے لیے جدوجہد کی۔ انہوں نے عوامی فلاح کو اپنی سیاست کا محور بنایا اور نوجوانوں کے لیے روزگار، تعلیم، بنیادی سہولتوں اور سماجی ترقی کے مواقع بڑھانے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو ایک ایسے پاکستان پر یقین رکھتی تھیں جہاں سب کی شمولیت ہو، وہ فرقہ واریت، نفرت اور عدم برداشت کے خلاف تھیں اور اقلیتوں کے حقوق کے لیے مسلسل آواز اٹھاتی رہیں۔ ان کا خواب ایک ایسا ملک تھا جہاں ہر مذہب کے ماننے والے عزت اور تحفظ کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ انتہاپسندی، تشدد اور نفرت کے خلاف شہید بینظیر بھٹو کا واضح مؤقف اور ان کی یادگار خدمات تاریخ کا روشن باب ہیں۔ انہوں نے اپنے نظریات کی قیمت جان کی صورت میں ادا کی لیکن انتقام کی سیاست پر کبھی یقین نہیں رکھا۔
پیغام کے اختتام پر صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو کی 18ویں برسی پر ہمیں نفرت کے بجائے اتحاد کا راستہ اپنانا ہوگا اور اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں ان کی قربانی سے ہمیشہ رہنمائی حاصل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔














