کراچی: کراچی میں موسم سرما کی پہلی بارش کی توقع ظاہر کی جارہی ہے، جبکہ بارش کی آمد سے قبل ہی سردی میں اضافہ بھی ہوگیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہر میں موسمِ سرما کی پہلی بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب مغربی ہواؤں کا سسٹم کراچی پر اثرانداز ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس سسٹم کے باعث کراچی میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔
پیشگوئی میں بتایا گیا ہے کہ 28 دسمبر سے مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں کو متاثر کرے گا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 29 دسمبر کو بلوچستان اور اس سے ملحقہ علاقوں میں بارش متوقع ہے، جبکہ 30 دسمبر کو کراچی میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے شہریوں کو موسم کی تبدیلی کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

















