Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

چین میں بیڈمنٹن کھیلنے والے روبوٹ نے نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا

ذہین روبوٹ نے چین کے صفِ اول کے انسانی بیڈمنٹن کھلاڑیوں کے ساتھ مقابلہ کیا

چین میں جدید ٹیکنالوجی اور اسپورٹس کا حیرت انگیز امتزاج دیکھنے میں آیا، جہاں ایک بیڈمنٹن کھیلنے والے روبوٹ نے گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

یہ منفرد روبوٹ چین کی ژیجیانگ شینچن کائی ڈونگ ٹیکنالوجی کمپنی نے تیار کیا ہے۔

ژیجیانگ کے شہر شاؤشنگ میں ہونے والے مقابلے میں اس ذہین روبوٹ نے چین کے صفِ اول کے انسانی بیڈمنٹن کھلاڑیوں کے ساتھ مقابلہ کیا۔

حیران کن طور پر روبوٹ نے لگاتار 1,452 بیڈمنٹن شاٹس کامیابی سے واپس کر کے تاریخ رقم کر دی، جو کسی موبائل روبوٹ کی جانب سے سب سے زیادہ مسلسل کاؤنٹر ہٹس کا عالمی ریکارڈ ہے۔

ماہرین کے مطابق اس روبوٹ کو نہایت جدید ویژن سسٹم اور موشن کنٹرول ٹیکنالوجی سے لیس کیا گیا ہے، جو ملی سیکنڈ کے حساب سے حرکت اور ردعمل دیتی ہے۔

یہی وجہ ہے کہ روبوٹ انسانی کھلاڑیوں کے تیز رفتار شاٹس کا بھی شاندار انداز میں جواب دینے میں کامیاب رہا۔

ٹیکنالوجی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ کامیابی نہ صرف مصنوعی ذہانت کے میدان میں ایک بڑا سنگِ میل ہے بلکہ مستقبل میں اسپورٹس ٹریننگ، روبوٹکس اور انسانی–مشینی تعاون کے نئے دروازے بھی کھول سکتی ہے۔