ملتان ایئرپورٹ پر چیف سیکیورٹی آفیسر لیفٹیننٹ کرنل رضوان افسر کی خصوصی کاوش اور ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کے عملے کی بروقت کارروائی سے غیر ملکی مسافر خاتون کا قیمتی سامان محفوظ واپس کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق غیر ملکی خاتون قطر ایئر لائن کے ذریعے ملتان ایئرپورٹ پہنچی تھیں، تاہم روانگی کے دوران وہ اپنا ہینڈ بیگ ایئرپورٹ پر ہی بھول گئیں۔ بیگ میں پاسپورٹ، گرین کارڈ، ملکی و غیر ملکی کرنسی اور دیگر قیمتی اشیاء موجود تھیں۔
اے ایس ایف عملے نے فوری طور پر سی سی ٹی وی فوٹیج اور دستاویزی ریکارڈ کی مدد سے خاتون مسافر کی شناخت کی۔
تحقیقات سے معلوم ہوا کہ خاتون ایئرپورٹ سے روانہ ہو چکی ہیں، جس پر اے ایس ایف نے مسافر سے رابطہ قائم کیا اور انہیں سامان کے بارے میں آگاہ کیا۔
بعد ازاں خاتون کو ایئرپورٹ بلایا گیا، جہاں ان کا تمام قیمتی سامان مکمل طور پر محفوظ حالت میں ان کے حوالے کر دیا گیا۔
غیر ملکی خاتون نے اس موقع پر چیف سیکیورٹی آفیسر لیفٹیننٹ کرنل رضوان افسر کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور اے ایس ایف عملے کی ایمانداری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔



















