لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں بنگلہ دیش ٹیم کی مکمل اور بلا تعطل شرکت کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
آئی سی سی نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کو باضابطہ طور پر مطلع کیا ہے کہ ٹیم کی سیکیورٹی اور فلاح و بہبود کو ہر صورت اولین ترجیح دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق آئی سی سی نے بی سی بی کے سیکیورٹی خدشات کو تفصیلی منصوبہ بندی میں شامل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے اور دونوں اداروں نے سیکیورٹی معاملات پر قریبی تعاون پر اتفاق کیا ہے۔
مزید پڑھیں: بنگلہ دیش کا ورلڈکپ بھارت میں نہ کھیلنے کا عندیہ، آئی سی سی کو خط لکھنے کا فیصلہ
بی سی بی نے واضح کیا کہ آئی سی سی کی جانب سے کسی قسم کا الٹی میٹم نہیں دیا گیا اور رابطے جاری ہیں تاکہ ٹیم کی شرکت کو بلا رکاوٹ ممکن بنایا جا سکے۔
بی سی بی کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کے ساتھ قریبی رابطے اور تعاون کے ذریعے تمام ممکنہ خطرات کا پیشگی جائزہ لیا جائے گا اور ٹیم کے لیے محفوظ ماحول فراہم کیا جائے گا۔
اس اقدام کو بنگلہ دیش کرکٹ کی عالمی سطح پر نمائندگی کو برقرار رکھنے اور کھلاڑیوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔



















