Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایران مظاہرے ، ترکش ایئرلائنز نے اپنی پروازیں اچانک منسوخ کر دیں

ایران میں جاری علاقائی صورتحال کے پیشِ نظر یہ اقدام اٹھایا گیا ہے

ایران میں بڑھتی ہوئی بے چینی اور غیر یقینی حالات کے باعث ترکیش ایئرلائنز نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے تہران، تبریز اور مشہد کیلئے اپنی 17 پروازیں منسوخ کر دیں۔ یہ پروازیں جمعہ اور ہفتہ کو روانہ ہونا تھیں۔

ایئرلائن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران میں جاری علاقائی صورتحال کے پیشِ نظر یہ اقدام اٹھایا گیا ہے.

جبکہ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سفر سے قبل اپنی پروازوں کی تازہ صورتحال سرکاری ویب سائٹ سے چیک کریں۔

ایران میں دسمبر کے اواخر سے مہنگائی، کرنسی کی قدر میں شدید کمی اور خراب معاشی حالات کے خلاف احتجاجی مظاہرے جاری ہیں، جن کا آغاز تہران کے تاریخی گرینڈ بازار سے ہوا اور دیکھتے ہی دیکھتے کئی شہروں تک پھیل گئے۔

غیر سرکاری رپورٹس کے مطابق احتجاج کے دوران 42 افراد ہلاک، ہزاروں گرفتار جبکہ درجنوں زخمی ہو چکے ہیں، تاہم ایرانی حکام نے تاحال سرکاری اعداد و شمار جاری نہیں کیے۔

فضائی ماہرین کے مطابق اگر حالات مزید خراب ہوئے تو دیگر عالمی ایئرلائنز بھی ایران کیلئے اپنی پروازوں پر نظرثانی کر سکتی ہیں۔