پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے وفاقی حکومت کے پالیسی ڈائریکٹیو کی روشنی میں فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی کے لیے انفارمیشن میمورنڈم جاری کردیا۔
انفارمیشن میمورنڈم میں فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی سے متعلق اہم شرائط اور ضوابط شامل ہیں، جس کے مطابق ہر ٹیلی کام آپریٹر ہر سال 1 ہزار نئی کام سائٹس لگانے کے پابند ہوگا۔
پی ٹی اے شرائط کے مطابق پہلے مرحلے میں وفاقی دارالحکومت اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں فائیو جی لانچ کیا جائیگا، جبکہ ٹیلی کام کمپنیاں وفاق اور چاروں صوبائی دارالحکومت میں موجودہ ٹاورز کے 10 فیصد کو فائیو جی پر منتقل کرنے کی پابند ہونگی۔
یہ بھی پڑھیں: فائیو جی اسپیکٹرم نیلامی کیلئے انفارمیشن میمورنڈم کو حتمی شکل دے دی گئی
انفارمیشن میمورنڈم میں فور جی کی کم سے کم سپیڈ 4 ایم بی پی ایس سے بڑھا کر 20 ایم بی پی ایس مقررکی گئی ہے، کمپنیاں پہلے سال انٹرنیٹ اسپیڈ کو 4 ایم بی پی ایس سے بڑھا کر 10 ایم بی پی ایس کرنے کی پابند ہونگی۔
انفارمیشن میمورنڈم فائیو جی کیلئے کم سے کم سپیڈ 50 ایم بی پی ایس مقرر کی گئی ہے، جبکہ فائیو جی سروس کو بڑے شہروں میں تیزی سے پھیلایا جائے گا۔
کمپنیاں 20 دن میں انفارمیشن میمورنڈم پر تجاویز پی ٹی اے کو دے سکتی ہیں، جبکہ پی ٹی اے 26 کے بعد فائنل انفارمیشن میمورنڈم جاری کرے گا۔
فائیو جی کے لیے 6 بینڈز میں کل 597.2 میگا ہرٹس اسپیکٹرم نیلامی کے لیے پیش کیا جائیگا۔
700 میگا ہرٹس بینڈ میں 30 میگا ہرٹس اسپیکٹرم کی نیلامی کی جائے گی، اسی طرح1800 میگا ہرٹس بینڈ میں 7.2، 2100 میگا ہرٹس بینڈ میں 40، 2300 میگا ہرٹس بینڈ میں 50 میگا ہرٹس اسپیکٹرم آکشن کیا جائیگا۔
2600 میگا ہرٹس بینڈ میں 190 میگا ہرٹس اسپیکٹرم جبکہ 3500 میگا ہرٹس بینڈ میں 280 میگا ہرٹس اسپیکٹرم نیلام کیا جائیگا۔



















