پاکستان اور امریکا کے درمیان انسداد دہشت گردی سے متعلق دو ہفتوں پر محیط مشترکہ فوجی مشقوں کا آغاز ہو گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان اور امریکا کے درمیان ہونے والی ان مشقوں کا نام انسپائرڈ گیمبٹ رکھا گیا ہے، جو خیبرپختونخوا میں واقع نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی میں منعقد کی جا رہی ہیں۔
انسپائرڈ گیمبٹ مشقوں میں پاک فوج اور امریکی فوج کے خصوصی دستے شریک ہیں، جہاں انسداد دہشت گردی کی جدید حکمتِ عملیوں، پیشہ ورانہ مہارتوں اور مشترکہ آپریشنز کی تربیت پر توجہ دی جارہی ہے۔
مشقوں کی افتتاحی تقریب میں پاکستان اور امریکا کے اعلیٰ فوجی و سول حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مستحکم بنانے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ مشق کا مقصد انسدادِ دہشت گردی کے تجربات کے تبادلے کے ذریعے باہمی فہم اور باہمی آپریشنل ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے جبکہ مشقوں میں انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں کے لیے ضروری حربوں، طریقۂ کار اور عملی ضوابط کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔
انسپائرڈ گیمبٹ میں اربن وارفئیر کے دوران شانہ بازی کی مہارت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور ایک دوسرے کے آپریشنل نظریات اور بہترین عملی طریقوں کو سمجھنے پر بھی زور دیا جا رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ مشترکہ تربیتی مشقیں بدلتے ہوئے سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے اور پیشہ ورانہ فوجی معیار کو بہتر بنانے کے لیے اہمیت کی حامل ہیں، انسپائرڈ گیمبٹ پیچیدہ انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں کی صلاحیت کو مضبوط بنانے کے لیے نہایت اہم ہیں، انسپائرڈ گیمبٹ–2026 امن اور استحکام کے لیے پاکستان اور امریکا کے باہمی تعاون کے تسلسل کے عزم کی عکاس ہے۔



















