امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ انہیں اطلاع ملی ہے کہ ایران میں مظاہرین کا قتل اور پھانسیاں روک دی گئی ہیں، تاہم امریکا اس کی خود تصدیق کرے گا۔
وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر ایران نے پھانسیاں مکمل طور پر بند نہ کیں تو امریکا کو سخت کارروائی کرنا پڑے گی، اور مظاہرین کے خلاف تشدد جاری رہا تو شدید ردِعمل دیا جائے گا۔
صدر ٹرمپ نے معدنی ذخائر اور سیمی کنڈکٹر چپس سے متعلق اہم ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط کرنے کا اعلان کیا، جن کے تحت چپس کی فروخت پر 25 فیصد فیس وصول کی جا سکے گی۔
انہوں نے کہا کہ وینزویلا میں راز فاش کرنے والا شخص شناخت ہو چکا ہے اور اس وقت جیل میں ہے، جبکہ وینزویلا کی قیادت سے بات چیت مثبت رہی ہے۔
صدر ٹرمپ کے مطابق امریکا میں اب تک 18 ٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری واپس لائی جا چکی ہے، ڈنمارک کے ساتھ تعلقات اچھے ہیں اور گرین لینڈ “ضرورت” ہے۔
امریکا آئندہ 24 گھنٹوں میں ایران میں فوجی کارروائی کر سکتا ہے
خبر ایجنسیوں اور یورپی حکام کے مطابق امریکا کی جانب سے ایران میں فوجی کارروائی کا امکان انتہائی قریب ہو گیا ہے۔
برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق امریکا ایران میں 50 اہداف کو نشانہ بنا سکتا ہے، جن میں پاسدارانِ انقلاب کا ثاراللہ ہیڈکوارٹرز، مختلف دفاتر اور ایرانی فوج کے 23 اڈے شامل ہیں۔
اخبار کے مطابق یہ فہرست واشنگٹن میں قائم تنظیم یونائیٹڈ اگینسٹ نیوکلیئر ایران نے ٹرمپ انتظامیہ کو فراہم کی ہے۔
عرب اتحادیوں کا امریکا کو ایران پر حملہ نہ کرنے کا مشورہ
سعودی عرب، قطر اور عمان نے امریکا کو ایران پر حملے سے باز رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس سے عالمی تیل منڈی شدید متاثر ہوگی۔
مزید پڑھیں: گرین لینڈ قومی سلامتی کے لیے ناگزیر، امریکا کو فیصلہ کن قدم اٹھانا ہوگا؛ ڈونلڈ ٹرمپ
سعودی عرب نے واضح کیا ہے کہ وہ ایران پر کسی بھی ممکنہ امریکی حملے کے لیے اپنی فضائی حدود فراہم نہیں کرے گا۔
اٹلی کی اپنے شہریوں سے ایران چھوڑنے کی اپیل
اطالوی وزارتِ خارجہ نے ایران میں موجود اپنے شہریوں سے فوری طور پر ملک چھوڑنے کی اپیل کر دی ہے۔
وزارت کے مطابق اس وقت ایران میں تقریباً 600 اطالوی شہری موجود ہیں، جن کی اکثریت تہران میں ہے۔ اطالوی سفارتی مشنز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ شہریوں سے مسلسل رابطے میں رہیں۔
تہران کی حکومت مظاہروں کے باعث گر سکتی ہے: صدر ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران میں جاری مظاہرے تہران کی مذہبی حکومت کے خاتمے کا سبب بن سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی اپوزیشن رہنما رضا پہلوی ذاتی طور پر اچھے انسان لگتے ہیں، مگر یہ واضح نہیں کہ ایرانی عوام انہیں بطور رہنما قبول کریں گے یا نہیں۔
صدر ٹرمپ نے رضا پہلوی کی کھلی حمایت سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ ایران کا مستقبل صرف ایرانی عوام طے کریں گے۔



















