Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

غزہ کی انتظامی کمیٹی پر فلسطینی دھڑوں کا اتفاق، خطے میں کشیدگی انتہا پر

کمیٹی کی نگرانی ایک ایسا ادارہ کرے گا جسے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت حاصل ہے

مصری وزیرِ خارجہ  کا کہنا ہے کہ فلسطینی دھڑوں نے غزہ کے لیے ایک مشترکہ انتظامی کمیٹی کے قیام پر اتفاق کر لیا ہے.

دوسری جانب امریکا کی جانب سے ایران میں ممکنہ فوجی کارروائی کے خدشات کے باعث مشرقِ وسطیٰ شدید تناؤ کی لپیٹ میں آ گیا ہے۔

مصری وزیرِ خارجہ کے مطابق تمام فلسطینی گروپوں نے غزہ کی انتظامی کمیٹی کی حمایت کر دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کمیٹی کی نگرانی ایک ایسا ادارہ کرے گا جسے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت حاصل ہے، تاکہ غزہ میں نظم و نسق اور انسانی امداد کے امور کو منظم کیا جا سکے۔

ادھر اسرائیلی میڈیا کے مطابق جرمن ایئرلائن نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر آج رات اسرائیل کے لیے اپنی تمام پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔

مزید پڑھیں: غزہ میں شدید سردی اور طوفانی ہواؤں نے تباہی مچا دی، 5 فلسطینی شہید

خبر ایجنسیوں اور یورپی اہلکاروں کا کہنا ہے کہ امریکا آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ایران میں فوجی کارروائی کر سکتا ہے اور یہ کارروائی اب قریب سمجھی جا رہی ہے۔

برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق امریکا ایران میں 50 ممکنہ اہداف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔

اخبار کے مطابق واشنگٹن میں قائم تنظیم یونائیٹڈ اگینسٹ نیوکلیئر ایران نے ایرانی فوجی اہداف کی ایک تفصیلی فہرست ٹرمپ انتظامیہ کو فراہم کی ہے۔

اس فہرست میں پاسدارانِ انقلاب کا ثاراللہ ہیڈکوارٹرز بھی شامل ہے، جسے مظاہروں کو کنٹرول کرنے کا مرکزی مقام قرار دیا جاتا ہے۔

اس کے علاوہ مختلف علاقوں میں قائم پاسدارانِ انقلاب کے دفاتر اور ایرانی فوج کے 23 اڈوں کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں