کثیر القومی فضائی جنگی مشق ”اسپیئرز آف وکٹری 2026 “ میں شرکت کے لیے پاک فضائیہ کا ایف-16 بلاک-52 طیاروں پر مشتمل دستہ سعودی عرب کے کنگ عبدالعزیز ایئر بیس پہنچ گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آیہ اہس پی آر) کے مطابق پاک فضائیہ کے دستے میں ایف-16 بلاک-52 طیاروں کے علاوہ مخصوص فضائی اور زمینی عملہ بھی شامل ہے۔
مشق میں میزبان سعودی عرب کے ساتھ پاکستان، فرانس، اٹلی، یونان، قطر، بحرین، اردن، برطانیہ اور امریکا کی فضائی افواج کے لڑاکا طیارے شرکت کر رہے ہیں۔
یہ کثیر القومی مشق فضائی افواج کے مابین باہمی ہم آہنگی، عملی اشتراک، پیشہ ورانہ بصیرت اور جنگی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔
اسپیئرز آف وکٹری فضائی قوت کی تعیناتی، رات کو ایئر آپریشنز، مربوط آئی ایس آر اور جدید الیکٹرانک وارفیئر ماحول میں کارروائیوں کو اُجاگر کرتی ہے۔
مشق کے دوران پاک فضائیہ شریک فضائی افواج کے ساتھ ہم آہنگی کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی سے بھرپور جنگی ماحول میں اپنی عملی تیاری اور پیشہ ورانہ مہارتوں کا مظاہرہ کرے گی۔
مشق میں شرکت کے لیے پاک فضائیہ کے جنگی طیاروں نے پاکستان سے سعودی عرب تک نان اسٹاپ پرواز کی، جو پاک فضائیہ کی طویل فاصلے تک مؤثر عملی رسائی اور اعلیٰ جنگی صلاحیتوں کا مظہر ہے۔
مشق کے دوران جدید ایویونکس اور بی وی آر رینج صلاحیتوں سے لیس ایف-16 بلاک-52 طیاروں کے پائلٹس، شریک فضائی افواج کے ہوابازوں کے مدمقابل ہوں گے۔


















