Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

غزہ میں قیام امن کے لئے پاکستان ’’بورڈ آف پیس‘‘ کا رکن بننے کو تیار

پاکستان آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کا حامی ہے، دفتر خارجہ

پاکستان نے غزہ میں پائیدار امن کے لیے ’’بورڈ آف پیس‘‘ میں شامل ہونے کا فیصلہ کرلیا۔

ترجمان دفترِ خارجہ نے اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کو بورڈ آف پیس میں شامل ہونے کی دعوت دی گئی تھی۔

ترجمان کے مطابق پاکستان نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2803 کے تحت غزہ امن منصوبے کی حمایت کا اعلان کیا ہے جس کا بنیادی مقصد غزہ میں مستقل جنگ بندی کے لیے عملی اقدامات کو یقینی بنانا ہے۔

پاکستان نے فلسطینی عوام کے لیے انسانی امداد میں اضافے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ان کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کا حامی ہے جو 1967 سے قبل کی سرحدوں پر مشتمل ہو اور جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے دکھ درد کے خاتمے کے لیے اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا اور بورڈ آف پیس کے پلیٹ فارم سے امن کے قیام کے لیے عملی پیش رفت کی امید رکھتا ہے۔