پنجاب: محکمہ پی ڈی ایم اے پنجاب نے 26 اور 27 جنوری کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں اور پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری کے امکان کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں برفباری اور بارش کے ساتھ ساتھ لاہور، سرگودھا، گجرانوالہ، ساہیوال، ملتان، فیصل آباد، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ڈویژن میں بھی بارش متوقع ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ محکموں بشمول لوکل گورنمنٹ، محکمہ صحت، ریسکیو 1122، پولیس اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
ایمرجنسی کنٹرول رومز میں عملے کو 24 گھنٹے الرٹ رکھا جائے گا اور ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر رسپانس ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ رکھا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ خراب موسم کی صورتحال میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور مری میں سیاح احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے حکومتی ہدایات پر عمل کریں۔ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے بھی مری میں برفباری کے پیش نظر الرٹ ہیں۔
محکمہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔



















