Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

غزہ کا مکمل سیکیورٹی کنٹرول ، نیتن یاہو پھر دھمکیوں پر اتر آئے

اسرائیل دریائے اردن سے بحیرۂ روم تک سیکیورٹی کنٹرول برقرار رکھے گا، صیہونی وزیراعظم

غزہ کا مکمل سیکیورٹی کنٹرول ،  نیتن یاہو پھر دھمکیوں پر اتر آئے۔ اسرائیلی وزیرِاعظم  نے طویل پریس کانفرنس میں غزہ کے مستقبل سے متعلق اپنا تفصیلی منصوبہ پیش کردیا۔

انہوں نے واضح کیا ہے کہ اسرائیل دریائے اردن سے بحیرۂ روم تک سیکیورٹی کنٹرول برقرار رکھے گا۔ نیتن یاہو نے کہا کہ غزہ کی تعمیرِ نو سے قبل حماس کو مکمل طور پر غیر مسلح کرنا ناگزیر ہے۔

ان کا کہناتھاکہ حماس کے عسکری ڈھانچے، سرنگوں اور جنگی صلاحیت کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔

انہوں نےکہا کہ جب تک حماس غیر مسلح نہیں ہو جاتی، غزہ پر سیکیورٹی کنٹرول اسرائیلی فوج کے پاس ہی رہے گا۔

یرغمالیوں کے بحران کا پہلا مرحلہ مکمل

پریس کانفرنس ایسے وقت میں ہوئی جب غزہ سے آخری ہلاک شدہ اسرائیلی یرغمالی کی لاش اسرائیل واپس لائی گئی۔

اس کے ساتھ ہی غزہ جنگ بندی معاہدے کے تحت یرغمالیوں کے بحران کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے۔

اس مرحلے میں حماس نے تمام زندہ اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کیا۔جبکہ ہلاک ہونے والے افراد کی لاشیں بھی اسرائیل کے حوالے کیں۔

اس کے بدلے اسرائیل نے سیکڑوں فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا اور درجنوں فلسطینیوں کی میتیں واپس کیں۔

نیتن یاہونے دعویٰ کیا کہ فوجی کارروائیوں وسفارتی دباؤ کے امتزاج کی بدولت یرغمالیوں کی واپسی ممکن ہے۔

رفح کراسنگ کھولنے کا اعلان، سخت شرائط عائد

اسرائیلی وزیرِاعظم نے اعلان کیا کہ مصر سے ملحق رفح کراسنگ کو جلد دونوں جانب کے لیے کھول دیا جائے گا۔

تاہم وہاں سے صرف افراد کی آمد و رفت کی اجازت ہوگی۔ کسی قسم کا سامان لے جانے یا لانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ان کے مطابق روزانہ تقریباً 50 افراد اور ان کے اہلِ خانہ کو گزرنے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔مگر تمام افراد کی سخت سیکیورٹی جانچ پڑتال کی جائے گی۔

نیتن یاہو نے یہ بھی کہا کہ کسی شخص کو غزہ چھوڑنے سے نہیں روکا جائے گا۔

خطے میں کشیدگی برقرار

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق نیتن یاہو کے حالیہ بیانات سے خطے میں کشیدگی برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔