سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردانہ حملے ناکام بناتے ہوئے 67 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ رات فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے بلوچستان کے 12 مختلف مقامات پر بزدلانہ حملے کیے، سیکیورٹی فورسز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے بروقت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں یہ تمام حملے ناکام بنادیے گئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ ان دہشت گردانہ کارروائیوں میں اب تک فتنہ الہندوستان کے 67 دہشتگرد جہنم واصل ہو چکے ہیں جبکہ اس دوران سیکیورٹی اداروں اور پولیس کے 10 جوان اس دھرتی اور عوام کی حفاظت کیلئے لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔
بلوچ مزدور خاندانوں پر فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی بربریت
سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ سفاک ہندوستانی پراکسی دہشت گردوں نے 11 معصوم غریب بلوچ شہریوں کو اپنی بربریت کا نشانہ بناتے ہوئے شہید کردیا۔ یہ تعداد پہلے پانچ معصوم شہریوں کی تھی۔
شہید ہونے والوں میں 5 مرد، 3 خواتین اور 3 بچے شامل ہیں۔ ان تمام کا تعلق بلوچستان سے ہے جو محنت مزدوری کیلئے گوادر آئے تھے جب کہ اس گھناؤنے واقعہ میں ملوث تمام دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: بلوچستان میں بی ایل اے دہشت گرد حملے ناکام، سیکیورٹی فورسز کا کنٹرول برقرار
سیکورٹی ذرائع کہتے ہیں کہ دہشت گردی کے ان گھناؤنے واقعات کے خلاف گوادر کے غیور عوام میں شدید غم وغصہ پایا جاتا ہے، گردو نواح کے علاقوں میں دہشت گرد عناصر کے ممکنہ ٹھکانوں کے خلاف مزید آپریشن بھی جاری ہیں۔
غریب مزدوروں پر یہ حملہ واضح کرتا ہے کہ فتنہ الہندوستان بھارتی ایماء پر بلوچستان کی ترقی اورخوشحالی کے خلاف سرگرم ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ سیکیورٹی فورسز کی طرف سے مزید تعاقبی آپریشنز اور فضائی نگرانی جاری ہے، ان دہشت گردانہ کاروائیوں کے دوران ہندوستانی میڈیا اور سوشل میڈیا کی فتنہ الہندوستان کی مکمل سپورٹ دونوں کے گٹھ جوڑ کو مزید واضح کرتی ہے۔
واضح رہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے گزشتہ 48 گھنٹوں میں بلوچستان کے دیگر علاقوں میں کارروائیوں کے دوران فتنہ الہندوستان کے 41 دہشت گرد پہلے ہی ہلاک کرچکے ہیں جس کے بعد جہنم واصل دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 108ہوگئی۔


















