لاہور میں بسنت کے حوالے سے تیسرے روز بھی پتنگوں اور پنوں کی خریدو فروخت عروج پر پہنچ گئی ہے۔
لیگل ایڈوائزر کائٹ فلانگ ایسوسی ایشن ایڈوکیٹ ملک فیضان احمد کے مطابق لاہور کی مارکیٹس میں تیسرے روز 5 لاکھ سے زائد گڈے پتنگیں فروخت ہوئیں۔
ملک فیضان احمد نے بتایا کہ تیسرے روز مارکیٹس میں 10 ہزار سے زائد پنے فروخت ہوئے جب کہ ڈیڑھ تاوا گڈا 650 روپے، ایک تاوا 450 روپے اور پونا تاوا 250 روپے میں فروخت کیا جارہا ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ دو پیس کا پنا 7 سے 8 ہزار کا فروخت ہو رہا ہے جب کہ چار پیس کا پنا 12 سے 15 ہزار کا فروخت کیا جارہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تیسرے روز پتنگوں کے ریٹ میں اضافہ جب کہ دستیابی میں کمی رہی، پہلے روز 16کروڑ روپے، دوسرے روز 18 کروڑ روپے جب کہ تیسرے روز 20 کروڑ روپے کی خرید و فروخت ہوئی۔
واضح رہے کہ لاہور کے اندرون موچی گیٹ مارکیٹ، اسلامپورہ، ساندہ، سمن آباد، نوناریاں اور اچھرہ سمیت دیگر علاقوں میں پتنگوں، گڈوں اور پنوں کی خرید و فروخت جاری ہے۔















