Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

امریکا کے ممکنہ ایران حملے کی بازگشت، اسرائیل میں ہائی الرٹ

میڈیا کے مطابق لبنان کی سرحد پر بھی الرٹ بڑھا دیا گیا ہے

اسرائیل نے امریکا کی جانب سے ایران پر ممکنہ فوجی حملے کی اطلاعات کے بعد اپنی عسکری تیاریوں کو بڑھاتے ہوئے ملک بھر میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ وہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ امریکی فوج ایران پر رواں ہفتے کے اختتام تک ممکنہ کارروائی کی تیاری کر چکی ہے تاہم صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ابھی حتمی فیصلہ نہیں کیا۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان اویخائے ادرعی نے کہا کہ فوج تیار اور چوکس ہے اور اگر اسرائیل پر حملہ ہوا تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔

میڈیا کے مطابق لبنان کی سرحد پر بھی الرٹ بڑھا دیا گیا ہے کیونکہ خدشہ ہے کہ ممکنہ امریکی حملے کے بعد حزب اللہ کے ذریعے محاذ کھل سکتا ہے، جبکہ ایمرجنسی اداروں کو کثیر محاذی کشیدگی کے لیے تیار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیل میں مجموعی طور پر سخت سیکیورٹی ماحول برقرار ہے اور حکام کو خدشہ ہے کہ امریکا کی کسی بھی کارروائی کے بعد ایران کی جانب سے ردعمل سامنے آ سکتا ہے۔

دوسری جانب واشنگٹن اور تہران کے درمیان جنیوا میں عمانی ثالثی کے تحت بالواسطہ مذاکرات جاری ہیں، لیکن اہم معاملات تاحال حل طلب ہیں۔