خلیج میں کشیدگی خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے جہاں بحرین نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے ایران کی جانب سے داغے گئے 75 بیلسٹک میزائل اور 123 ڈرون تباہ کر دیے۔
بحرین کی دفاعی فورس کے جنرل کمانڈ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملک کا ایئر ڈیفنس سسٹم ایران کے مسلسل حملوں کی نئی لہروں کو بھی ناکام بنا رہا ہے۔
حکام کے مطابق یہ حملے اس وقت شروع ہوئے جب ایران نے خطے میں امریکی اور اسرائیلی کارروائیوں کے جواب میں جوابی حملوں کا سلسلہ شروع کیا۔
بحرینی حکام نے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور اپنی حفاظت کے لیے انتہائی احتیاط برتیں۔
ساتھ ہی عوام کو ہدایت دی گئی ہے کہ تباہ شدہ مقامات، مشکوک اشیاء اور گرنے والے میزائلوں کے ملبے سے دور رہیں اور فوجی کارروائیوں کی ویڈیو یا تصاویر بنانے سے گریز کریں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے شہری علاقوں اور نجی املاک کو نشانہ بنانا بین الاقوامی انسانی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
بحرین کے مطابق ایران کے یہ اندھا دھند حملے پورے خطے کے امن اور سلامتی کے لیے سنگین خطرہ بن چکے ہیں۔
یاد رہے کہ ایران نے 28 فروری سے اسرائیل اور خلیجی ممالک میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کے لیے میزائل اور ڈرون حملوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے جس کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں جانی و مالی نقصان کی اطلاعات بھی سامنے آ چکی ہیں۔


















